دو امریکی سیاح رات بھر ایفل ٹاور میں سوئے رہے، پیرس پولیس بے خبر

پیرس (آئی این پی) پیرس کے ایفل ٹاور میں دو امریکی سیاح سوتے ہوئے پائے گئے جہاں وہ اتوار سے چھپے ہوئے تھے، سیکورٹی عملے کو ان سیاحوں کی موجودگی کا پتا نہیں چلا۔ ایفل ٹاور کو چلانے والی کمپنی کے سیکورٹی اہلکاروں کے دورے کے دوران صبح نو بجے سائٹ کو عوام کے لیے کھولنے سے پہلے دونوں سیاحوں کو ”صبح سویرے“ سوتے پایا گیا۔ دونوں سیاح ٹاور کی دوسری اور تیسری منزل کے درمیان تھے۔ اس حصے میں عوام کی رسائی نہیں تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق انہوں نے اپنے اتوار کے داخلے کا ٹکٹ تقریبا 22:40 پر ادا کیا اور سیڑھیاں اترتے ہوئے رکاوٹوں کو عبور کیا۔ پیرس میں پبلک پراسیکیوشن آفس نے کہا کہ دونوں سیاح اس جگہ میں پھنس گئے کیونکہ وہ نشے میں تھے۔ ان دونوں افراد کو پوچھ گچھ کے لیے پیرس کے سیونتھ آرونڈیسمنٹ پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔ ٹاور کو چلانے والی کمپنی نے موجودہ ہفتے کے دوران ان کیخلاف شکایت درج کرنے کا ارادہ ظاہر کیا۔ ایفل ٹاور معمول سے ایک گھنٹہ بعد پیر کی صبح تقریبا 10بجے عوام کے لیے دوبارہ کھولا گیا۔ سیاحوں کے استقبال میں یہ نئی پریشانی دو جھوٹی بم دھمکیوں کی وجہ سے ہفتے کے روز ایفل ٹاور سے دو بار زائرین کے انخلا کے بعد سامنے آئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں