سانحہ جڑانوالہ کے تانے بانے پڑوسی ملک کی خفیہ ایجنسی سے ملتے ہیں، آئی جی پنجاب
لاہور (انتخاب نیوز) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے دعویٰ کیا ہے کہ سانحہ جڑانوالہ کے تانے بانے پڑوسی ملک کی انٹیلی جنس ایجنسی سے ملتے ہیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ سانحہ جڑانوالہ کیخلاف قانون حرکت میں آگیا ہے، متاثرہ مسیحی خاندانوں کی مدد کی جارہی ہے، متاثرہ گرجا گھروں کی از سرنو تعمیر بھی جاری ہے، مسلمانوں نے مسجد مسیحی برادری کو عبادت کے لیے پیش کی، ہم کہہ چکے ہیں کہ مسلمانوں اور مسیحیوں کو لڑانے کی کوشش کی جائےگی۔ آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ دو مسیحی افراد کے علاوہ تین دیگر ملزمان کو گرفتار کیا ہے، اب ایسے واقعات دوبارہ نہیں ہوں گے، مسلمانوں کو مسیحی بھائیوں سے لڑانے کی کوشش کی گئی، سازش کا آغاز سرگودھا واقعے سے ہوا، ان واقعات کے ذمہ داروں کو گرفتار کرلیا ہے، توہین قرآن کرنے والوں کا نیٹ ورک ختم کردیا ہے۔ ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ جو لوگ دشمن کا آلہ کار بنے ہیں انہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔ شہری مدعی بنیں ملزم نہ بنیں، قانون ہاتھ میں نہ لیں۔ علما، امن کمیٹیاں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوجائیں، ایسے واقعات میں ملوث کسی کے ساتھ رعایت نہیں کریں گے، مسجدکے امام اور موذن کا فرض ہے کہ لاﺅڈ اسپیکر کا غلط استعمال نہ ہونے دیں۔


