چین کی جانب سے سی پیک میں نئے منصوبے شامل نہ کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں، پاکستان

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے سی پیک میں نئے منصوبے شامل نہ کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ وزارت منصوبہ بندی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور چین سی پیک کا دائرہ مختلف شعبوں میں وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں، سی پیک کی بدولت پاکستان کے انفرا اسٹرکچر، توانائی اور ٹرانسپورٹ کے نظام میں بہتری آئی ہے، مختلف شعبوں میں جدت آئی ہے اور ان کی صلاحیت میں بھی قابل ذکر اضافہ ہوا ہے۔ وزارت منصوبہ بندی کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان سی پیک تعاون کو آبی وسائل، ماحولیاتی تبدیلی، زراعت اور سیاحت کے شعبوں تک توسیع دینے پر کام کر رہے ہیں، یہ شعبے پہلے ہی سے سی پیک کے طویل المدتی منصوبے کا حصہ تھے۔ وزارت منصوبہ بندی کے مطابق خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور ساحلی علاقوں میں سی پیک کے مختلف منصوبے تکمیل کے مراحل میں ہیں، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور ساحلی علاقوں میں سی پیک کے تحت نئے منصوبوں کی شمولیت پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں