توہین الیکشن کمیشن، عمران خان سمیت دیگر کیخلاف فرد جرم عائد نہ ہو سکی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پی ٹی آئی ، فواد چوہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی،سماعت24اکتوبرتک ملتوی کردی گئی ۔چیئرمین پی ٹی آئی ، فواد چو ہدری اور اسد عمر کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی ۔چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی جیل میں ہیں، لہذا ان کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں تاکہ وہ یہاں پیش ہوسکیں۔الیکشن کمیشن نے کہا کہ ہم چارج فریم کردیں گے، آپ نے اپنے دفاع میں جو پیش کرنا ہے وہ آپ کی مرضی، البتہ آپ شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرائیں ہم پھر پروڈکشن آرڈر جاری کردیتے ہیں اور سکیورٹی کے لئے آئی جی کو بھی لکھ دیں گے۔شعیب شاہین نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سکیورٹی بنیاد بنا کر دیگر عدالتوں میں پیش نہیں کیا جا رہا۔ ممبرنثار درانی نے کہا کہ پہلے تو چیئرمین پی ٹی آئی یہاں پر آتے نہیں تھے ، اب پروڈکشن آرڈر کا کہہ رہے ہیں۔ فواد چو ہدری کے وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ فواد چوہدری بیمار ہیں اس لئے نہیں آئے۔ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ نے کہا کہ آپ نے رویہ اپنا لیا کہ یہاں پیش نہیں ہوتے۔ ممبر نثار درانی نے کہا کہ اس پر ہم مناسب آرڈر جاری کریں گے ،اسد عمر الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تو ممبر نثار درانی نے کہا آپ کے وکیل انور منصور تو یہاں پر پیش نہیں ہوتے، جس پر اسد عمر نے جواب دیا کہ خود پیش ہوا ہوں، سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کردیں، تب تک فواد چوہدری کی طبیعت بھی بہتر ہوجائے گی۔ممبر نثار درانی نے اسد عمر کی استدعا پر جواب دیا کہ 24 اکتوبر تک فواد چوہدری کی طبیعت ٹھیک ہو جائے گی اور اس بہانے آپ کی ان سے ملاقات بھی ہوجائے گی۔بعدازاں اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت 24 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔


