صوبائی اسمبلی اور سرکاری محکموں کی پچاس سے زائد گاڑیاں تاحال سابق وزرا کے زیر استعمال
کوئٹہ (این این آئی) بلوچستان اسمبلی کو تحلیل ہو ئے دو ماہ گزرنے کے باوجود صوبائی اسمبلی اور مختلف سرکاری محکموں کی پچاس سے زائد گاڑیاں اب بھی سابق وزرا کے زیر استعمال جبکہ محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کی چار گاڑیاں اور ایک بنگلہ ابھی تک سابق وزرا ئ کے قبضے میں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق رواں سال 12اگست کو بلوچستان اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد صوبائی محکمہ نظم ونسق اور اسمبلی سیکرٹریٹ نے صوبائی وزرا ،مشیروں اور قائمہ کمیٹی کے چیئرمینوں کو گاڑیوں واپس کرنے اور بنگلے اور فلیٹس خالی کرنے کیلئے پندرہ دن کی مہلت دی تھی، مہلت ختم ہوئے بھی اب ڈیڈھ ماہ بیت چکا ہے مگر ان میں سے پچاس سے زائد گاڑیاں تا حال جمع نہ ہوسکیں۔ محکمہ نظم ونسق نے سابق دور حکومت میں صوبائی وزرا اور مشیروں کو 78 گاڑ یا ں الاٹ کی تھیں ،جن میں سے 4گاڑیاں اب بھی ایک سابق وزیر کے قبضہ میں ہیں۔سابق وزرا ئ سے واپس لی گئیں گاڑیاں جو بہتر حالت میں ہیں وہ موجودہ نگراں وزرا ئ کو الاٹ کردی گئیں ہیں ،جن گاڑیوں کی حالت خراب ہے انہیں مرمت کروایا جائے گا ادھر سابق صوبائی وزرا ئ کو الاٹ کئے گئے چار میں سے تین بنگلے خالی ہوگئے ہیں ایک بنگلہ ابھی تک سابق وزیر کے قبضے میں ہے۔ دوسری جانب نگراں حکومت نے سابق وزرا اور اراکین اسمبلی کے قبضے میں 50سے زائد گاڑیوں کی برآمدگی کے لئے مقدمات درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کی ڈیڈ لائن پوری ہونے کو ہے۔


