کوئٹہ، انسداد منشیات کے حوالے سے احتجاجی مظاہرہ

کوئٹہ؛انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر عوامی مسائل ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے بینرز اٹھارکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ مظاہرین سے کچلاک ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین ملک رشید کاکڑ، حاجی عبدالقیوم کاکڑ،محمد حنیف خوندئی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں اسوقت نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد منشیات کا استعمال کر رہی ہے جس سے کئی خاندان تباہ ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے اکثر علاقوں میں سرعا م منشیات فروخت ہورہی ہیں منشیات فروشوں کے خلاف سخت کریک ڈاون کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی لعنت سے محفوظ رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ اے این ایف اوردیگر فورسز منشیات کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کر رہی ہیں تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف ایک منظم انداز میں آپریشن کیا جائے اور جو بھی منشیات فروش گرفتار ہوں انہیں کڑی سے کڑی سزا دی جائے تاکہ آئندہ کسی کو منشیات فروخت کرنے کی جرات نہ ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل ایکشن کمیٹی نے ہمیشہ منشیات کے خلاف آواز بلند کی ہے آج بھی ہم انسداد منشیات کے عالمی دن کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل ایکشن کمیٹی نوجوانوں میں منشیات کے خلاف آگاہی مہم چلانے کیلئے بھی بھر پوراقدمات کررہی ہے تاکہ نوجوانوں کو منشیات کی لعنت سے دور رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں منشیات کے عادی افراد کے علاج معالجے کیلئے جدید سہولیات سے آراستہ ہسپتال قائم کریں جہاں منشیات کے عادی افراد کا علاج معالجہ کرکے انہیں معاشرے کاکارآمد شہری بنایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں