آل پاکستان مسلم لیگ سیاسی جماعتوں کی فہرست سے خارج، نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد (صباح نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے آل پاکستان مسلم لیگ کو ڈی لسٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔دوسری جانب آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل)نے پارٹی رجسٹریشن منسوخی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ اپنی دائر کی گئی درخواست میں اے پی ایم ایل نے الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر رجسٹریشن بحال کرنے کی استدعا کی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ آل پاکستان مسلم لیگ انٹرا پارٹی الیکشن تنازع سے متعلق الیکشن کمیشن نے محفوظ فیصلہ سنایا تھا، جس کا تحریری فیصلہ بھی جاری کیا گیا تھا۔تحریری فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن اس فیصلے پر پہنچا ہے کہ آل پاکستان مسلم لیگ کا کوئی پارٹی عہدیدار نہیں، اس لئے اس جماعت کا اب کوئی وجود نہیں۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ اے پی ایم ایل 4 سال سے پارٹی اثاثوں کی تفصیلات بھی جمع نہیں کروا سکی، آل پاکستان مسلم لیگ کو ڈی لسٹ کیا جاتا ہے۔


