اسد عمر کی ضمانت خارج

لاہور(صباح نیوز)سابق وفاقی وزیر اسد عمر کی عسکری ٹاور جلا ؤگھیراؤ کے مقدمے میں ضمانت خارج کردی گئی۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے جج عبہر گل نے عدم پیروی کی بنیاد پر اسد عمر کی عبوری ضمانت خارج کرنے کا فیصلہ سنایا۔عدالت نے سابق وفاقی وزیر کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست بھی مسترد کردی۔واضح رہے کہ اسد عمر کے خلاف عسکری ٹاور میں جلاو گھیراو کرنے کے الزام میں لاہور کے تھانہ گلبرگ میں مقدمہ درج ہے۔دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے 9مئی کے دیگر مقدمات میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنوں اور اسد عمر کی عبوری ضمانت میں 9جنوری تک توسیع کر دی۔لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔اس موقع پر عظمی خان اور علیمہ خان حاضری کیلئے عدالت کے روبرو پیش ہوئیں جبکہ اسد عمر کی جانب سے عدالت میں حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی گئی۔درخواست میں موقف اختیار کیا کہ اسد عمر اسلام آباد کی دہشت گری عدالت میں کیسز میں مصروف ہیں۔عدالت نے آئندہ سماعت پر اسد عمر سے اسلام آباد کی دہشت گردی عدالت کی حاضری رپورٹ طلب کرلی اور تمام ملزمان کی عبوری ضمانت میں 9جنوری تک توسیع کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں