عمران خان کی تین اور شاہ محمود قریشی کی دو کیسز میں ضمانتیں منظور

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی 3 اور وائس چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کی 2 مقدمات میں ضمانتیں منظور کر لیں۔اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں احتجاج کے تناظر میں درج پانچ مقدمات میں بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی ضمانتیں منظور کیں۔عدالت نے 30، 30 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کی ہیں۔جج نے کہا کہ شاہ محمود قریشی اور بانی پی ٹی آئی کی درخواست کی ضمانتیں منظور کی جاتی ہیں۔پراسیکیوٹر راجہ نوید اور پی ٹی آئی وکلا سردار مصروف اور خالد یوسف عدالت میں پیش ہوئے۔پراسیکیوٹر راجہ نوید نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی آئی رہنمائوں نے جان بوجھ کر احتجاج کروایا، سابق چیئرمین پی ٹی آئی نے عوام کو ورغلایا اور اشتعال پیدا کرنے کی کوشش کی، پی ٹی آئی رہنمائوں کو غیر ضروری نرمی دی جا رہی ہے، شاہ محمود قریشی اور سابق پی ٹی آئی کی ضمانتیں خارج کی جائیں۔جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ شاہ محمود قریشی اور بانی پی ٹی آئی موقع پر موجود تھے۔پراسیکیوٹر راجہ نوید نے بتایا کہ شاہ محمود قریشی اور سابق چیئرمین پی ٹی آئی موقع پر موجود نہیں تھے۔ جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ دیگر شریک ملزمان کی ضمانتیں کنفرم ہو چکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں