حق دو تحریک کا 20 تا 26 دسمبر ہفتہ مزاحمت منانے کا اعلان
گوادر (بیورو رپورٹ) گوادر کی تاریخ میں 26 دسمبر سیاہ ترین دن ہے ، عوام کے پر امن احتجاج اور دھرنے کو 40 سالہ ٹرالر مافیا ،لینڈ مافیا،بارڈر مافیا کی ایماءپر بزور قوت سبوتاژ کیا گیا۔ تحریک کو کچلنے کے لیے قائدین و کارکنان پر درجنوں مقدمات دائر کئے گئے ، خواتین ، بزرگوں اور نوجوانوں پر وحشیانہ تشدد کیا گیا قائدین و کارکنان پر بے بنیاد مقدمات درج کرکے ان کے کیسزکرائم برانچ میں منتقل کردیے گئے۔ تمام تر سازشوں کے باوجود حق دو تحریک کی محبت عوام کے دلوں سے نہیں نکالی جاسکی۔ 20 سے 26 دسمبر کو ہفتہ مزاحمت منائیں گے، 26 دسمبر کو گوادر میں عظیم الشان احتجاجی ریلی نکالی جائے گی اور عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا اسی دن پنجگور سے گوادر کاروان مزاحمت ریلی نکالی جائے گی ، بوٹ ریلی ، رکشہ ریلی ،، مظاہرے بھی ہوں گے کارکنان بازوو¿ں میں سیاہ پٹیاں باندھیں گے بطور احتجاج گھروں دکانوں میں سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے جبکہ شام کو گوادر کی تاریخ کا ایک اور عظیم الشان منعقد ہوگا۔ ہم 26 دسمبر کو یوم مزاحمت کے طور پر ہر سال منائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان نے حق دو تحریک کے ضلعی رابطہ آفس کے سامنے منعقدہ ایک بہت بڑے عوامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر حق دو تحریک کے سینکڑوں کارکنان سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ 26 دسمبر 2022 گوادر کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے۔ اس دن 40 سالہ ٹولے ٹرالر مافیا، لینڈ مافیا ، بارڈر مافیا اور عوامی حقوق کے غاصبوں نے ملکی آئین و قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے گوادر عوام کے پر امن احتجاج کو بزور قوت سبوتاژ کیا اور سرکاری مشینری کا نہتے عوام پر بے دریغ استعمال کیا جس کی نظیر کئیں نہیں ملتی۔ انھوں نے کہا کہ صرف یہی نہیں بلکہ حق دو تحریک کے قائدین وسینکڑوں کارکنان پر درجنوں جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے اور ان کی کیسزکرائم برانچ کوئٹہ منتقل کئے گئے۔ انھوں نے کہا کہ 40 سالہ ٹولے نے حق دو تحریک کے قائدین و کارکنان پر جھوٹے مقدمات تو درج کردیے لیکن لاکھ کوشش اور حربوں کے باوجود وہ عوام کے دلوں سے حق دو کی محبت اور لگاو¿ کو نہیں نکال سکی بلکہ حق دو تحریک کو ختم کرنے کے خواب دیکھنے والوں کے خواب شرمندہ تعبیر نہ سکے۔ انھوں نے کہا کہ حق دو تحریک کو ختم کرنے والے سازشی عناصر آئیں دیکھیں حق دو تحریک پہلے سے کہیں زیادہ منظم و متحرک ہے۔ ان کی تمام تر سازشیں اور حربے ناکام ہوگئے ہیں انھوں نے کہا کہ 26 دسمبر 2022 کی تناظر میں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ26 دسمبر 2026 کو ہر سال یوم مزاحمت کے طور پر منائیں گے۔ انشاءاللہ ہم 20 تا 26 دسمبر کو ہفتہ مزاحمت منائیں گے اور پورے ہفتے میں احتجاج کے طور پر مختلف پروگرامز کریں گے اس دوران بوٹ ریلی ، رکشہ ریلی ، خاکے ڈرامے ، مظاہرے ، اور مشاعرے بھی منعقد ہوں گے ، جبکہ 26 دسمبر کو پنجگور سے گوادر تک کاروان مزاحمت کے نام پر ریلی نکالی جائے گی جو گوادر میں 26 دسمبر کو عظیم الشان تاریخی جلسے میں شرکت کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہفتے مزاحمت کے دوران کارکنان اپنے بازوو¿ں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے اپنے گھروں ، موٹر سائیکلوں ، اور گاڑیوں میں سیاہ جھنڈے لہرائے جائیں گے جس پر 20 تا 26 دسمبر ہوم مزاحمت لکھا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ حق دو تحریک ایک منظم عوامی تحریک ہے ہمارا عزم ساحل کو ٹرالر مافیا سے پاک کرنا ، باڈر کو آزادانہ طور پر تجارت کے لئے کھولنا، لینڈ مافیا کے خلاف جدو جہد کرنا اور عوامی حقوق کی پاسداری ہے۔ انھوں نے اہل بلوچستان سے اپیل کی کہ وہ لینڈ مافیا ،ٹرالر مافیا اور باڈر مافیا سے ساحل کو پاک کرنے کے لیے حق دو تحریک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوں اور 26 دسمبر کی عظیم الشان تاریخی جلسے میں بھرپور انداز میں شرکت کریں اس موقع پر بزرگ سیاسی راہنما حسین واڈیلا نے بھی خطاب کیا۔


