دنیا روایتی تعلیم کے بجائے فنی تعلیم و تربیت پر توجہ دے رہی ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ(یو این اے )نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے بورڈ کا آٹھواں اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا جس میں نگراں صوبائی وزرا امجد رشید، ڈاکٹر قادر بخش بلوچ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات و منصوبہ بندی عبدالصبور کاکڑ، محکمہ خزانہ ، نیف ٹیک اور دیگر متعلقہ اداروں و محکموں کے حکام نے شرکت کی اجلاس میں نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے ٹیکنیکل ایجوکیشن اتھارٹی کی فعالیت کے لئے خصوصی کمیٹی قائم کرتے ہوئے اتھارٹی کی فعالیت کے لئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دور جدید میں روایتی تعلیم کے بجائے پوری دنیا میں فنی تعلیم و تربیت پر توجہ دی جارہی ہے اور آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں ہنر مندی کی تربیت فراہم کرکے نوجوانوں کی درست سمت میں رہنمائی کی جا رہی ہے اس لئے ضروری ہے کہ ہم بھی فنی تعلیم کے اداروں کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں فعال کرکے ہنر مند کارگر افرادی قوت پیدا کریں نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ اتھارٹی کی فعالیت کے لئے قائم اقدامات تجویز کرکے عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ ”بی ٹیوٹا“ کی فعالیت کے لئے مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں اتھارٹی کے لئے قائم فنڈ پر حاصل شدہ ماہانہ آمدن کے شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے، نگراں وزیراعلیٰ میر علی مردان خان ڈومکی نے ہدایت کی کہ بی ٹیوٹا کے آئندہ بورڈ اجلاس میں اتھارٹی کی فعالیت کے لئے جامع ورک پلان پیش کیا جائے، تاکہ فنی تعلیم کے اس اہم ادارے کو جلد از جلد فعال کرکے اسے کارگر بنایا جائے اور نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں ٹیکنیکل ٹریننگ اور تعلیم کی فراہمی کے عمل کو وسعت دی جاسکے۔


