سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کی لیول پلیئنگ فیلڈ کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھینے جانے اور گرفتاریوں پر تحریک انصاف کی لیول پلیئنگ فیلڈ کیلئے درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی گئی۔قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کرے گا۔سپریم کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے دوران وکیل نیازاللہ نیازی نے کہاکہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے نہیں دیئے جا رہے ،پی ٹی آئی نےدرخواست جمع کرائی ہے،قائم مقام چیف جسٹس سردار طارق مسعود نے کہاکہ رجسٹرار آفس ابھی مقرر کر دیتا ہے آپ کی درخواست،وکیل نیاز اللہ نیازی نے کہاکہ ہمارے امیدواروں کو کاغذات جمع کرانے سے روکا جارہاہے۔جسٹس سردار طارق مسعود نے کہاکہ اگر آپ کا امیدوار اشتہاری ہو تو کیسے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتا ہے؟نیاز اللہ نیازی نے کہاکہ عمیر نیازی عدالت میں موجود ہیں، ان کے والد کے کاغذات نامزدگی پھاڑے گئے،اب تک بلے کا نشان الاٹ کرنے پر الیکشن کمیشن نے فیصلہ نہیں سنایا،جسٹس سردار طارق مسعود نے کہاکہ آپ کے اپنے بندے کہہ رہے ہیں کہ انٹراپارٹی الیکشن ٹھیک نہیں ہوئے۔جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کمیشن کو درخواست دی ہے،وکیل نیازاللہ نیازی نے کہاکہ ہماری درخواست سماعت کیلئے مقرر کی جائے،قائم مقام چیف جسٹس نے کہاکہ آج ہی درخواست سماعت کیلئے مقرر ہو گی،نیازا للہ نیازی نے کہاکہ ملک میں جنگل کا قانون ہے، جو کچھ ہورہا ہے کیسے عدالت کو بتاؤں۔


