بھارت کا بلیک ہولز پر تحقیق کیلئے ایک اور خلائی مشن کا کامیاب آغاز
بھارت (مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت نے بلیک ہول کے رازوں کا پتہ لگانے کے لیے پیر یکم جنوری کو ایک مشن کامیابی کے ساتھ خلاء میں روانہ کر دیا۔ آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا خلائی مرکز سے گیارہ سیٹلائٹوں کو خصوصی راکٹ سے کامیابی سے داغا گیا۔بھارت کے خلائی تحقیقی ادارے، اسرو، نے نئے سال کے پہلے دن جنوبی ریاست آندھرا پردیش کے سری ہری کوٹا میں واقع خلائی تحقیقاتی مرکز سے ایکس رے پولریمٹر سیٹلائٹ (ایکسوپوسیٹ) سمیت مجموعی طور پر گیارہ سیٹلائٹوں کو لے جانے والے پی ایس ایل وی راکٹ کو کامیابی سے خلاء میں بھیج دیا۔ ایکسپوسیٹ بلیک ہول کی پراسرار دنیا کا مطالعہ کرنے میں مدد کرے گا۔بھارت کے خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کے سربراہ ایس سومناتھ نے اس مشن کو "کامیاب” قرار دیا۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، "یکم جنوری 2014 کو پی ایس ایل وی نے ایک اور کامیاب مشن انجام دے دیا ہے۔ ایکس پو سیٹلائٹ کو اس کے مطلوبہ مدار میں کامیابی کے ساتھ پہنچا دیا گیا ہے۔”سومناتھ نے مزید کہا، "نئے سال کا آغاز پی ایس ایل وی کے لانچ کے ساتھ ہوا ہے اورآنے والے دنوں میں ہمارے سامنے مزید پرجوش لمحات آئیں گے۔ ابھی تو یہ آغاز ہے اور ہم مزید سیٹلائٹ لانچ کریں گے۔ اس کے علاوہ سال 2024 میں گگن یان مشن بھی ہو گا۔”سائنس اور ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے اس کامیابی پر سائنس دانوں اور بھارتی عوام کو مبارک باد دی۔


