این اے 122 سے عمران خان کی اپیل مسترد، یاسمین راشد ودیگر کو الیکشن لڑنے کی اجازت

لاہور،راولپنڈی (صباح نیوز) الیکشن ٹر یبونل نے بانی پی ٹی آئی کے این اے 122 سے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف اپیل کو مسترد کردیا ،پی ٹی آئی کی رہنما یاسمین راشد اوردیگر امیدواروں کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ۔لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس طارق ندیم نے آراو کے فیصلے کے خلاف اپیلوں پر سماعت کی جس دوران این اے 122سے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات مسترد کئے جانے کے آر او کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل نے موقف اپنایا کہ بانی پی ٹی آئی نااہل ہوچکے ہیں اور ان کے تجویزہ کنندہ کا تعلق بھی این اے 122 سے نہیں جبکہ (ن)لیگ کے وکیل نے بھی بانی پی ٹی آئی کی اپیل کی مخالفت کی۔الیکشن ٹربیونل کے جج نے آر او کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے کاغذات مسترد کئے جانے کے خلاف دائر اپیل کو مسترد کردیا۔ دوسری جانب اپیلٹ ٹربیونل نے سابق وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن ٹر یبونل راولپنڈی نے مسلم لیگ ن گوجر خان کے سابق ایم پی اے شوکت بھٹی کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ۔ راولپنڈی میں الیکشن ٹربیونل جج جسٹس مرزا وقاص رئوف نے انہیں پی پی 9 گوجر خان سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔ انہیں جعلی ڈگری پیش کرنے پر سپریم کورٹ نے 2018 میں نااہل قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں