میری بیٹی کے کاغذات چھینے گئے، اسے شہر چھوڑنا پڑا، اس الیکشن کا جنازہ نکل گیا، شاہ محمود قریشی
راولپنڈی (انتخاب نیوز) تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر تاریخ اپنا فیصلہ کرے گی، پوری قوم نے دیکھا پی ٹی آئی کو کیسی لیول پلیئنگ فیلڈ ملی۔ اڈیالا جیل میں کمرہ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ ہم الیکشن لڑیں گے اور آزاد لڑیں گے، پوری قوم نے دیکھا کہ پی ٹی آئی کو کیسا لیول پلینگ فیلڈ ملا، لکھ لیں کہ اس الیکشن کا جنازہ نکل گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری بیٹی اسکروٹنی کیلئے گئی اس کے کاغذات چھینے گئے، بیٹی کو شہر چھوڑنا پڑا۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمارا پیغام ہے جس کے پاس جو نشان ہے وہ اس کو ہی بلا سمجھے، ہمارے پاس پلان بی تھا ہم نے سمجھا تھا بلا نہیں تو بلے باز پر ووٹر مطمئن ہوگا، عدالتوں کا فیصلہ تسلیم ہے، تاریخ سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنا فیصلہ ضرور کرے گی۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھاکہ بانی پی ٹی آئی کاایک ہی مطالبہ ہے کہ ملک میں صاف،شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ صحافی نے سوال کیا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں انٹرا پارٹی الیکشن اور بلے کا نشان حاصل کرنے کیلئے آپ کی جماعت سے غلطیاں ہوئیں؟ اس پر وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن پر سوال اٹھائے باقی جماعتوں کے الیکشن پر کسی نے سوال نہیں اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں اگر کیسز کا اوپن ٹرائل ہوسکتاہے تو یہاں کیوں نہیں؟ سائفر کیس کے ٹرائل کو لائیو دکھایا جائے۔ شاہ محمود قریشی میڈیا سے گفتگو کے دوران آبدیدہ ہو گئے اور بتایاکہ میرے بہنوئی کا انتقال ہوا تو درخواست کی کہ جنازے میں شرکت کی اجازت دی جائے لیکن جنازے میں شرکت کی اجازت بھی نہ ملی اور بہن کو پرسہ تک نہ دے سکا۔


