اساتذہ کرام تعلیمی نظام کی روح ہیں، تدریسی نظام کو بدلے بغیر ترقی کا خواب پورا نہیں ہوگا، گورنر بلوچستان
کوئٹہ(یو این اے ) گورنر بلوچستان ملک عبدالولی خان کاکڑ نے انٹرنیشنل ڈے آف ایجوکیشن 2024 کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ تعلیم ہر قسم کی ترقی کی بنیاد ہے. جب تک ہم تعلیم کو قومی سطح پر بنے والی پالیسیوں اور منصوبوں کا محور و مرکز نہیں بناتے تب تک پڑھے لکھے بلوچستان کا دیرینہ خواب، خواب ہی رہیگا. انہوں نے کہا کہ اس سال انٹرنیشنل ایجوکیشن ڈے منانے کا مقصد تعلیم حاصل کرنے کا مقصد دراصل دیرپا امن و آشتی کو یقینی بنانا ہے. دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کی شاندار ترقی ان کی معیاری تعلیم کے مرہون منت ہے. ہمیں اس چیز کا احساس ہونا چاہیے کہ بیروزگاری کے خاتمے اور مختلف جرائم پر قابو پانے کا راز معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور فنی و تیکنیکی تعلیم کو عام کرنے میں پنہاں ہے. افسوسناک امر یہ ہے کہ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے اس ترقی یافتہ دور میں بھی بلوچستان کے لاکھوں بچے اور بچیاں تعلیم کے زیور سے محروم ہے جو ہم سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے. ہمیں چاہیے کہ علم کی روشنی وہاں پہنچائیں جہاں تاریکی ہو اور زیور تعلیم سے انہیں آراستہ کریں جو اس نعمت سے محروم ہیں. گورنر بلوچستان نے اپنے پیغام میں اس بات پر زور دیا کہ عالمی یوم تعلیم منانے کا مقصد معاشرے میں اساتذہ کے بلند کردار و وقار کو بھی اجاگر کرنا ہے کیونکہ اساتذہ کرام ہی تعلیمی نظام کی روح ہیں. اس کے علاوہ تعلیمی نظام ہو یا بچوں کی مناسب تربیت، پڑھی لکھی ماں کی اہمیت اور کردار کو کسی صورت نظرانداز نہیں کیا جا سکتا. ضروری ہے کہ ہمارے تمام تعلیمی اداروں کے اساتذہ کرام کے استعداد کار بڑھانے میں ہمیں قومی اور بین الاقوامی اداروں کی مدد اور رہنمائی کی ضرورت ہے۔


