احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کا 44 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کردیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے 44 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا ہے۔ تفصیلی فیصلے کے مطابق 16 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے، بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو غیر ملکی سربراہان سے 108 تحائف ملے، سعودی ولی عہد سے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ نے گراف جیولری سیٹ بطور تحفہ وصول کیا، گراف جیولری سیٹ توشہ خانہ میں رپورٹ تو ہوا لیکن جمع نہیں کرایا گیا۔ عدالت نے تفصیلی فیصلے میں کہا ہے کہ تحفے کی قیمت کا تعین کرنے والے پرائیویٹ ماہر پر بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے اثر و رسوخ استعمال کیا، گراف جیولری سیٹ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 90 لاکھ روپے میں حاصل کیا، گراف جیولری سیٹ کی اصل قیمت 3 ارب 16 کروڑ روپے سے زائد تھی۔ احتساب عدالت نے تفصیلی فیصلے میں کہا ہے کہ تحفے کا تعین کرنے والے صہیب عباسی کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے کہنے پر تحفے کی قیمت کم لگائی، تفتیش کے دوران بشریٰ بی بی اور بانی پی ٹی آئی کو نیب نے 5 نوٹسز بھیجے، نوٹسز میں گراف جیولری سیٹ منگوایا گیا تاکہ قیمت کا تعین کیا جا سکے لیکن دونوں تحفہ نہیں لائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں