ہمیں ایمل کا نہیں ”ولی“ کا خیال ہے،حافظ حسین احمد

کوئٹہ: جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخواہ کے صدر ایمل ولی خان کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ایمل کا نہیں ”ولی“ کا خیال ہے ان کے بڑے ہمارے لیے قابل احترام ہیں لیکن کاش چھوٹے بھی اس احترام کے رشتے کا پاس رکھتے، انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبہ خیبرپختونخواہ سمیت تمام تر تنظیموں اور زعماء کو اس حوالے سے لب کشائی سے منع کیا ہے تاکہ آنے والے دنوں میں ہمارے یہ بھائی اور ان کے قائدین اپوزیشن میں اپنا 100فیصد کردار ادا کریں، انہوں نے کہا کہ ہم یہ بھی کہہ سکتے تھے کہ صوبہ بلوچستان کی سطح پر اور مرکز میں ان کی پالیسی میں بھی ہم آہنگی نہیں بلوچستان میں انہوں نے ”ٹیسٹ ٹیوب باپ“ کو اپنایا توظاہر ہے کہ اس کے اثرات کہی نہ کہی سے ظاہر ہوتے رہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ آزادی مارچ میں اسفند یار ولی اور دیگر قائدین نے ہمیں عزت بخشی تشریف لائے اور ہمیں اب بھی توقع ہے کہ وہ اسی انداز بلکہ اس سے بڑھ کر جے یو آئی اور دیگر اپوزیشن کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون کا ثبوت دیں گے، حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ ایمل ولی خان کے بیان پر ہم نے چوہدری شجاعت فارمولہ کے تحت اس بیان کے حوالے سے ”مٹی پاؤ“ والی پالیسی اپنائی ہے اور ہم نے تمام تر پرنٹ، الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر ہدایات جاری کیں ہے کہ اس مسئلے پر ”مٹی پاؤ“اور اپوزیشن کے مستقبل کے اتحاد اور یکجہتی کے حوالے سے اپنا رول ادا کریں، انہوں نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کے اکابرین اور رہنما اس جذبے کو اہمیت دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں