کراچی روڈ ہزارگنجی کے منصوبے کو صوبائی پی ایس ڈی پی سے نکالنا قابل مذمت ہے، غلام نبی مری

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری نے مین کراچی روڈ ہزارگنجی کے منصوبے کو صوبائی پی ایس ڈی پی سے نکالنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ صوبائی بجٹ کو عوام دوست قرار دینے والی حکومت کوئٹہ شہر کے صنعتی حب ہزارگنجی اور سریاب کیلئے شامل منصوبے کو بھی پی ایس ڈی پی سے نکال بیٹھے،کراچی روڈ جو گاہی خان چوک سے ہزارگنجی تک لوگوں کیلئے سفر کاایک بہتر ذریعہ تھا لیکن گزشتہ کئی عرصے سے ٹوٹ پوٹ کاشکار ہے اس سلسلے میں حکومت وقت کی جانب سے کوئی بھی اقدام نہیں اٹھایا گیاہے،انہوں نے کہاکہ مین کراچی روڈ کی خستہ حالی کی وجہ سے پورے روڈ میں بڑے بڑے گھڑے ہیں بن چکے ہیں اور سیوریج کا گندا پانی،وبارشوں کا پانی جمع ہونے سے چھوٹی گاڑیوں کے علاوہ پیدل چلنا محال ہوجاتاہے اورعلاقے کے لوگوں کو شدیدمشکلات کاسامنا ہے،صوبائی حکومت کی جانب سے بڑے بڑے دعوے تو کئے جاتے ہیں مگر عمل درآمد نہ ہونے کے برابر ہے حالانکہ بہتر مواصلاتی نظام کسی بھی علاقے کی ترقی کیلئے اہم کرداراداکرتاہے مگر یہاں حکومت کی جانب سے بنیادی سہولیات کی فراہمی بھی صرف کاغذوں تک محدود ہے،انہوں نے کہاکہ ہونا تو یہ چاہیے تھاکہ حکومت وقت مین کراچی شاہراہ کی خستہ حالی کانوٹس لینے کے ساتھ ساتھ علاقے کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھاتی سریاب،ہزارگنجی،گاہی خان چوک،کیچی بیگ سمیت دیگر علاقوں کے لوگوں کو بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں ہے مگر حکمرانوں کو اپنے وعدوں سے فرصت نہیں صوبے کا صنعتی حب زون جس سے صوبے کی ریونیو میں اضافہ ہوتاہے بنیادی سہولیات سے محروم ہے جس سے حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان اٹھتاہے،انہوں نے صوبائی حکومت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ ہزارگنجی کے مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے کراچی روڈ ہزارگنجی کو پی ایس ڈی پی کا حصہ بنا یا جائے اور اس سلسلے میں فنڈز مہیا کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں