جی ڈی اے کا جلسہ نہیں مریدوں کا اجتماع تھا، یہ اتحاد نہیں چوں چوں کا مربہ ہے، شرجیل میمن
کراچی (انتخاب نیوز) پیپلز پارٹی کا انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے دھرنے پر ردعمل سامنے آگیا۔رہنما پی پی شرجیل میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے نے جلسہ نہیں مریدوں کا اجتماع کیا، پیپلز پارٹی کے مخالفین کو انتخابات میں بد ترین شکست ہوئی، جی ڈی اے یا اس کے اتحادی کسی ایک ضلع میں کامیاب نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ لوگ اندھے اور بے وقوف نہیں ،سندھ میں جی ڈی اے پیپلز پارٹی کی مخالفت میں بنا ، یہ اتحاد ہر الیکشن میں بنتا ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ جی ڈی اے سمیت دیگر مخالفین سے کوئی دشمنی نہیں، کسی جماعت سے بھی کوئی لڑائی جھگڑا نہیں، احتجاج کرنے والی جماعتوں کے سربراہان میری نشست پر الیکشن لڑلیں۔ان کا کہنا تھا کہ 5سال یہ لوگ گھروں میں بیٹھے رہتے ہیں،الیکشن آتے ہی چوں چوں کا مربہ اکٹھا ہوجاتا ہے، جہاں دھرنا دیا جارہا ہے وہاں جی ڈی اے کو 5ہزار سے زیادہ ووٹ نہیں ملے، اور اس علاقے سے پیپلز پارٹی نے ایک لاکھ سے زائد ووٹ لیے ہیں۔ شرجیل میمن نے کہا کہ اگر کسی کے جلسے میں پی پی قیادت کے خلاف غلط باتیں ہوں گی تو خاموش نہیں بیٹھیں گے، اگر آپ کی اتنی مقبولیت تھی تو آپ اتحادوں سمیت پیپلزپارٹی کا مقابلہ کیوں کرتے ہیں۔


