سندھ کابینہ کا اجلاس، صوبے بھر میں کسان کارڈ شروع کرنے کافیصلہ

کراچی (آن لائن)وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ کے اجلاس میں صوبے بھر میں کسان کارڈ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گندم کی خریداری میں کسان کارڈ والوں کو ترجیح دی جائے گی، قدرتی آفت کی صورت میں کسان کارڈ کے ذریعے ہاریوں کی مدد کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ زراعت کی سائنسی بنیادوں پر ترقی کے لیے اقدامات کریں گے، اگلے بجٹ میں چیئرمین بلاول بھٹو کی ہدایت پر ہر ضلع کی ترقی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔وزیرِ اعلیٰ سندھ نے چیف سیکرٹری کو کسان کارڈ شروع کرنے کے لیے پالیسی بنانے کی ہدایت کر دی۔ کابینہ کے اجلاس میں پیپلز بس سروس کے جنوری سے جون تک کے لیے 521 ملین روپے کے اخراجات منظور کر لیے گئے۔سندھ کابینہ کو وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت نے پیپلز بس سروس پروجیکٹ اکتوبر 2021ءمیں شروع کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت 230 بسیں چل رہی ہیں جبکہ مزید 40 بسیں خریدی جائیں گی۔وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ اپریل 2023ءتا فروری 2024ءتک 968 ملین روپے کی سبسڈی حکومت دے چکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں