چیئرمین این ڈی ایم اے کا دورہ بلوچستان، کورونا سے متعلق بریفنگ دی گئی

کوئٹہ: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کہا ہے کہ عید قربان پر اگرعوام نے ایس او پیز پرعملدرآمد نہیں کیا تو کورونا مزید پھیل سکتا ہے اس لئے عوام ایس او پیز پرعملدرآمد کریں،ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے این ڈی ایم اے نے فضائی سپرے کیلئے پاکستان آرمی سے 5ہیلی کاپٹر لئے ہیں اور ہنگامی بنیادوں پر اسپرے کیلئے پائلٹوں کی ٹریننگ شروع کردی ہے۔ یہ بات انہوں نے فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال اور بولان میڈیکل کالج کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے این ڈی ایم اے کی جانب سے مہیا کیئے گئے آلات کے جائزہ کے علاوہ کورونا آئسولیشن وارڈز،آئی سی یو اور کورونا وائرس کے ٹیسٹ کے لئے مختص لیبارٹریز کامعائنہ کیا فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر نور اللہ موسیٰ خیل بی ایم سی کے ایم ایس ڈاکٹر سلیم اختر ابڑو چیسٹ سپیشلسٹ ڈاکٹر شیرین خان نے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کو ہسپتال اور کورونا مرض کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری صحت توقیر علی اور ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر زبیر احمد کاکڑ بھی موجود تھے چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے کہا کہ بلوچستان حکومت کی طرف سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے اٹھائے جانے والے موثر اقدامات قابل ستائش ہے انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل اور محدود وقت میں غیر معمولی اقدامات وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان‘ چیف سیکرٹری بلوچستان‘ سیکرٹری ہیلتھ کی بہتر حکمت عملی کا مظہر ہے انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے کی طرف سے بلوچستان میں کورونا مریضوں کے لئے مزید 64بیڈز14وینٹی لیٹرز25بائی پائپ 25آکسیجن ٹینک فراہم کریں گے اور مزید جہاں بھی ضرورت ہو سہولیات فراہم کی جائیگی انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرز عالمی وباء کوویڈ 19کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑرہے ہیں اور عوام کو طبی سہولیات وقت پر پہنچارہے ہیں ڈاکٹرز قوم کے ہیرو ہیں ہم ان کی کارکردگی اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ پوری عوام نے ایس اوپیز پر عمل کرنابھی ہوگا اتحاد اتفاق اور ایس او پیز عمل کرنے سے ہم اس عالمی وباء سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ عید قرباں آنے والی ہے اگر عوام نے ایس او پیز پر عمل نہ کیا تو کورونا مرض مزید پھیل سکتا ہے ایس او پیز پر عمل درآمد کرنا ضروری ہے انہوں نے کہا کہ فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال اور بی ایم سی میں مریضوں کے لئے نئے بننے والے وارڈز دیکھ کر خوشی ہوئی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے مل کر کم عرصے میں نہایت جدید وارڈز تعمیراور فنکشنل کئے ہیں جس میں مریضوں کے لئے ہرقسم کی سہولیات موجود ہیں انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ جہاں پر ہوسکیں ہم عوام کوطبی سہولیات فراہم کریں این ڈی ایم اے اس سلسلے میں مزید اقدامات اٹھارہی ہے اس موقع پر ڈاکٹر نور اللہ موسیٰ خیل نے کہا کہ ہم این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے -اور صوبائی حکومت کے بے حد مشکور ہیں جنہوں نے کم اور مختصرعرصے میں ہسپتال کو تمام ضروری سازوسامان فراہم کیا اس وقت پبلک ہیلتھ لیب فاطمہ جناح چیسٹ ہسپتال میں ایک ہزار سے بارہ سو مریضوں کی ٹیسٹ کی سہولیات موجود ہیں اسکے ساتھ کانگو وائرس اور ڈینگی بخار کے ٹیسٹ کی بھی سہولیات ہیں انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں مریضوں کی سہولیات کے لئے جدید وارڈز بنائیں ہیں جس میں 90بیڈز جدید سہولیات سے آراستہ ہے جبکہ چوبیس آئی سی یو اور باقی میں (ایچ ڈی یو)ہائی ڈیفنسی یونٹ کی سہولیات موجود ہیں ڈاکٹر شیرین خان نے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کوکورونا سے متاثرہ مریضوں کی صحت یابی کے حوالے سے بریفنگ دی اور کہا کہ صوبائی حکومت نے محکمہ صحت کو فعال کرنے میں اہم کردار اداکررہی ہے اور مریضوں کے لئے تمام تر سہولیات فراہم کی گئی ہیں انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں آکسیجن پلانٹ کی کمی ہے اس کو پورا کرنے کی ضرورت ہے جس پر لیفٹیننٹ جنرل نے کہا کہ ہم دستیاب وسائل کو بروئے کار لارہے ہیں اور کوشش کررہے ہیں کہ بلوچستان میں آکسیجن کی کمی کو پورا کیا جائے تاکہ آنے والے وقتوں میں ہمارے ہاں مشکلات نہ ہوں چیئرمین این ڈی ایم اے مزید کہا کہ کورونا مرض کے ساتھ ملک میں ٹڈی دل کا حملہ بھی بہت شدید تھا جس پر این ڈی ایم اے نے بروقت اقدامات اٹھائیں اور ملک کے مختلف علاقوں میں فضائی آپریشن کو مزید فعال کرکے فضائی سپرے کیئے انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے این ڈی ایم اے کے فضائی سپرے کے لئے پاکستان آرمی سے پانچ ہیلی کاپٹر لئے گئے اور ہنگامی بنیادوں پر سپرے کے لئے پائلٹوں کی ٹریننگ شروع کردی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں