موجودہ حکومت صحافت کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے، فردوس عاشق اعوان
اسلام آباد , معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت صحافت کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ قانون سب کیلئے برابر ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی جدوجہد رہی ہے کہ ملک میں قانون سب کیلئے ہو، جمعہ کوپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ کچھ عناصر نے قانون کو اپنے گھر کی لونڈی بنا رکھاتھا۔ موجودہ حکومت نے اداروں کو آزاد اور خود مختار بنایا ہے،ہم آئینی اداروں کی آزادی پر یقین رکھتے ہیں۔ موجودہ حکومت میں آئینی ادارے غیر جانبدارانہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے میر شکیل الرحمن کو سابق وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سے رعائتیں حاصل کرنے پر گرفتار کیاہے۔ایک صحافی کارکن نے میڈیا کی دوسرے شخصیت کے خلاف نیب کو درخواست دی جس پر نیب نے گرفتار ی کی جبکہ کسی ایک شخص کی گرفتاری کو میڈیا کی آزادی سے جوڑنا درست نہیں، ایک شخص کو میڈیا کی آزادی سے جوڑنا صحافتی اقدار کی خلاف ورزی ہے، نیب نے میر شکیل الرحمن کو سابق وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ سے رعائتیں حاصل کرنے پر گرفتار کیاہے اور جب کیس عدالت آتا ہے تو فریقین کو اپنی صفائی کا پورا موقع ملتا ہے، الزامات عائد ہوتے رہتے ہیں لیکن عدالتیں انصاف کرتی ہیں، امیدہے نیب نے جن الزامات پر گرفتار کیا اس سے متعلق ثبوت بھی عدالت میں پیش ہونگے، پاکستان میں عدالتیں آزاد اور خود مختار ہیں، کسی فرد واحد کا ذاتی مالیاتی ایشونیب کے پاس زیر تفتیش ہے تو اس سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ امید ہے انصاف کا بول بالاہوگا۔ معاون خصوصی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ صحافتی کاز کسی فرد واحد کے مفاد سے بہت بلند ہے