جلد بلوچستان آرہا ہوں،بلاول بھٹو

کوئٹہ،پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ عوام کرونا وائرس کی وجہ سے پریشانی سے دوچار ہیں جبکہ وفاقی حکومت کی واحد دلچسپی اپنے کٹھ پتلی راج کو برقرار رکھنا اورنیب کو استعمال کرکے اپنے سیاسی مخالفین کو گرفتار کرانا ہے،میں جلد بلوچستان آرہا ہوں، میں آپ کے ساتھ کھڑا ہوکر آپ کے مسائل کو وفاق کے سامنے رکھوں گابلوچستان والو! آپ نے میری آواز بننا ہے، آپ نے میرے بازو بننا ہے، ملکی تاریخ میں پی پی پی وہ جماعت ہے کہ جس نے بلوچستان کو سب سے زیادہ حقوق دئیے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان پیپلزپارٹی کوئٹہ کے زیراہتمام شمولیتی جلسے سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرپاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو،مرکزی رہنماء وسابق سینیٹر روزی خان کاکڑ، پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر حاجی علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری اقبال شاہ،سحر گل خان خلجی،ملک عبدالقیوم کاکڑ،اشفاق شاہوانی،ثناء اللہ جتک،محمد ہاشم محمد شہی،شہزادہ کاکڑ،جعفرجارج اور دیگر موجود تھے ۔بلاول بھٹو زرداری کاکہناتھاکہ وہ بلوچستان کی عوام سے مخاطب ہونے پر انتہائی خوش ہے کیونکہ بلوچستان کی عوام ہمیشہ سے پاکستان پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر محترمہ بے نظیر بھٹوشہید اور آصف علی زرداری تک بلوچستان کے جیالے ہمارے ساتھ دیتے رہے ہیں پاکستان پیپلز پارٹی کے بلوچستان کی تنظیم اور سابق سینیٹر روزی خان کاکڑ کاشکر گزار ہوں کہ وہ کارکنوں کے ساتھ مل کر پیپلزپارٹی کے پیغام،شہید ذوالقفار علی بھٹو کے پیغام اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے فلسفے کو گھر گھر تک پہنچارہے ہیں بلکہ پاکستان پیپلزپارٹی کا پرچم اٹھا کر جدوجہد کررہے ہیں،اس محنت کی وجہ سے بہت جلد پاکستان پیپلزپارٹی ملک بھر اور بلوچستان میں عوامی حکومت بنائے گی ایسی حکومت بنائی جائیگی جس میں غریب کی خدمت ہو،بلوچستان کی غریب عوام کی خدمت ہو،پاکستان پیپلزپارٹی نے اس سے پہلے بھی بلوچستان کی عوام کو سب سے زیادہ حقوق اور وسائل دئیے ہیں،کارکنوں اور رہنماؤں کی محنت سے جب دوبارہ موقع ملے گا توبلوچستان کی عوام کا ایک مرتبہ پھر بے لوث خدمت کرینگے،انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نام سے انقلابی پروگرام شروع کیا جس سے آج بھی اس ملک کی غریب اور بے سہارا خواتین کو مالی مدد مل رہی ہیں۔اسی طرز کا انقلابی پروگرام لاکر غریب خواتین کو فائدہ پہنچائیں گے بلکہ ہم نوجوانوں اور بزرگوں کے معاشی حقوق کا بھی تحفظ کرینگے جو پاکستان پیپلزپارٹی کا وطیرہ رہاہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے ہمیں غریب عوام کی خدمت سیکھائی ہے،ذوالفقار علی بھٹو نے غریب عوام کو آواز اور حقوق دئیے شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جاگیرداروں سے زمینیں لیکر غریبوں کے حوالے کیں بلکہ مزدوروں کو انڈسٹریز کے مالکانہ حقوق دلائے،پاکستان پیپلزپارٹی کو موقع ملا تو ایک مرتبہ پھر غریبوں کی فلاح کی حکومت بنے گی اور غریب عوام کی فلاح وبہبود کے فیصلے لئے جائیں گے،غریب کو حکومت،سیاست سمیت تمام فیصلوں کا حق ہوگا کیونکہ غریب عوام ہی اس ملک کے حقیقی وارث ہے ہمیں غریب عوام کی خدمات کا درس اپنے بڑوں نے دیاہے اس جدوجہد میں بلوچستان کی عوام نے ہمارا ساتھ دیناہے اور ہمارے بازو بنناہے،کارکنوں نے ہر گلی،کوچے اور گھر تک پاکستان پیپلزپارٹی کا پیغام پہنچاناہے اور یہ لوگوں کو یہ یاد دلاناہے کہ انہیں روزگار،تنخواہوں وپینشن میں اضافہ اور معاشی حقوق سب پیپلزپارٹی کی مرہون منت ہے ہم نوجوانوں کو روزگار دیں گے بلکہ ملازمین کے تنخواہوں اور بزرگوں کے پینشن میں اضافہ بھی ہمارے ترجیحات میں شامل ہیں اس کیلئے کارکنوں اور عوام کو ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی کا عوامی حکومت بناناہوگا۔انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ نئے شامل ہونے والوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کی جائیگی،انہوں نے نور الدین کاکڑ اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد دی اور توقع ظاہر کی کہ وہ اپنی تمام تر توانائیاں پیپلزپارٹی کے پیغام کو عام کیلئے صرف کرینگے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو کو انہوں نے بلوچستان بھیجا تاکہ وہ ہمارے پیغام کو آپ تک پہنچا سکے،ہم بلوچستان کی تنظیم،رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ مل کر جدوجہد کرینگے انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب پیپلزپارٹی حکومت میں ہوگی۔ہم سب کو مل کر محترمہ بے نظیر بھٹو کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچاناہے اور اس ملک کی عوام کی خدمت کرنی ہے۔ہم سب کی مشترکہ جدوجہد سے ان کٹھ پتلیوں اور ظالموں کا خاتمہ ہوگا اس وقت عوام کورونا وائرس اور معاشی پریشانی سے دوچار ہیں لیکن ان کے خاتمے کیلئے موجودہ حکمرانوں کی کوئی دلچسپی دکھائی نہیں دے رہی موجودہ حکمرانوں کی دلچسپی صرف اور صرف اپنی کٹھ پتلی راج کو برقرار رکھنے تک محدود ہے نیب اور مختلف اداروں کو استعمال کرکے اپنے سیاسی مخالفین اور میڈیا مالکان کو گرفتار کیاجارہاہے تاکہ سچ کی آواز کو دبایاجاسکے،اس طرح کے اقدامات کا مقصد ہمارے جدوجہد کو روکناہے لیکن ہم بتاناچاہتے ہیں کہ یہ حکمرانوں کی بھول ہے پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے ایوب خان،ضیاء الحق،پرویز مشرف جیسے آمروں کے سامنے نہیں جھکے موجودہ حکمران تو کچھ بھی نہیں انشاء اللہ تعالیٰ بہت جلد پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے ان کٹھ پتلی حکمرانوں کو گھر بھیج دینگے،کارکن اپنی جدوجہد اور محنت جاری رکھیں انہوں نے جلد بلوچستان آنے کااعلان کیا اورکہاکہ وہ بلوچستان کے کارکنوں کے درمیان ہونگے اور بلوچستان کی سرزمین پر کھڑے ہوکر بلوچستان کی عوام کے مسائل وفاق کے سامنے رکھیں گے جس طرح ماضی میں بلوچستان کے عوام کو حقوق اور وسائل دئیے آگے جاکر بلوچستان کی عوام کو مزید حقوق اور وسائل دینگے۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنماء نورالدین کاکڑ ودیگر نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ اس وقت ملک کی عوام کی امیدوں کی محور پاکستان پیپلزپارٹی اور اس کی لیڈرشپ ہے،اس جماعت کے قائدین نے نہ صرف جاگیردارانہ نظام کے خلاف لازوال جدوجہد کی ہے بلکہ جمہوریت کے استحکام اور آمریت کے خلاف بے نظیر جدوجہد کا سہرا بھی اسی جماعت کے قائدین کو جاتاہے پاکستان پیپلزپارٹی ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ مقبول ہورہی ہے ہمیں امید ہے کہ بلوچستان کی عوام کی احساس محرومی وپسماندگی کے خاتمے کیلئے بھرپور اندازمیں اپنا کرداراداکریگی وہ وقت دور نہیں جب پاکستان پیپلزپارٹی ایک مرتبہ بلوچستان اور ملک میں برسراقتدار ہوگی۔شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولابخش چانڈیو،مرکزی رہنماء وسابق سینیٹر روزی خان کاکڑ، پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر حاجی علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری اقبال شاہ ودیگر نے کہاکہ پاکستانی عوام اورملک کی سلامتی کیلئے شہید ذوالفقار علی بھٹو سے لیکر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور دیگر ہزاروں شہداء نے اپنی جانوں کے نذرانے اس عوام کی روشن مستقبل،سلامتی کیلئے دی۔انہوں نے شہداء نے بلوچستان کے بلوچوں،خیبرپشتونخوا کے پشتونوں اورسندھ کے سندھیوں کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے دئیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں