کوہلو کے محکمہ مواصلات میں ضلعی افسران کی عدم موجودگی، تعمیراتی منصوبے تاخیر کا شکار
کوہلو(یو این اے )محکمہ مواصلات اور تعمیرات کے افسران کی ضلع میں عرصہ دراز سے عدم موجودگی، کئی اہم تعمیراتی منصوبے پایہ تکمیل تک نہ پہنچ سکے۔عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق مالی سال کے اختتام پر محکمہ تعمیرات اور مواصلات کے کئی اہم منصوبے بروقت مکمل نہ ہوسکے جس سے نہ صرف سرکاری خزانے پر بوجھ بڑھ رہا ہے بلکہ شہری بھی حکومتی اعلان کردہ سہولیات سے محروم ہیں،گزشتہ کئی ماہ سے محکمہ مواصلات و تعمیرات کے ایگزیکٹو انجنیئرز اپنے جائے تعیناتی پر حاضر نہ ہوسکے جس سے دفتری امور ٹھپ ہوکر رہ گئے ہیں۔مقامی کنٹریکٹرز اور چھوٹے گریڈ کے ملازمین کو بھی افسران کے غیر حاضری کے باعث مشکلات درپیش ہیں۔دوسری جانب محکمہ مواصلات و تعمیرات کے دفاتر کو تالے لگ گئے دفتری امور مقامی ریسٹ ہاس میں چلائے جارہے ہیں۔موجودہ حکومت نے اقتدار سنبھالتے ہی انتظامی انفرا اسٹکچر کی بحالی، افسران کی جائے تعیناتی میں حاضری اور تعمیراتی منصوبوں کی بروقت تکمیل و شفافیت کے دعوے تو کئے مگر عملی طور پر اقدامات نہ اٹھائے جاسکے جس سے عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جارہی ہے۔مرکزی سڑکوں کی دیکھ بھال کے لئے تعینات عملہ بھی غیر حاضر ہے جس سے کوہلو ڈی جی خان،کوہلو دکی اور کوہلو کو سبی سے ملانے والے مرکزی سڑکوں میں جگہ جگہ گھڑے پڑ چکے ہیں، سڑک کنارے جھاڑیوں اور کیکر کے جنگلات سے آئے روز حادثات میں اضافہ ہورہا ہے۔کوہلو کے عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلی بلوچستان،چیف سیکرٹری بلوچستان،سیکرٹری مواصلات و تعمیرات،چیف انجینئرمواصلات و تعمیرات،کمشنر سبی ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کوہلو سے محکمے کے افسران کی جائے تعیناتی پر حاضری کو یقینی بنانے اور غفلت کے مرتکب افسران واہلکاران کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اہم عوامی منصوبے افسران کی غفلت کے باعث تکمیل تک نہ پہنچ سکے جس سے نہ صرف عوامی مسائل میں اضافہ ہورہا ہے بلکہ کروڑوں روپے کا ضیاع بھی ہورہا ہے۔


