نئی فضائی کمپنی پاکستان میں 3 سوملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی
اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان کی نئی فضائی کمپنی پک ائیر لائنز انٹرنیشنل کے بانی ڈاکٹر فرحان افتخار عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں 3 سوملین ڈالر کی سرمایہ کاری لا رہے ہیں جس سے سینکڑوں پاکستانیوں کو روز گار ملے گا، ہم آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کرتے ہوئے نہ صرف باقی ایئر لائنز پر سبقت لینے کی کوشش کریں گے بلکہ پاکستان میں ٹورازم کو پرموٹ کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ پاکستان اس خطے کا نہ صرف ایک اہم ملک ہے بلکہ اس کا محلے وقوع اس اہمیت کا حامل ہے کہ یہاں سے ایک نئی ائیر لائنز کا آغاز کیا جائے جو پاکستان کو سنٹرل ایشن ممالک اور دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ جوڑے،پاکستان ایسا خطہ سرزمین ہے جہاں پر بہت سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں ایوی ایشن انڈسٹری بھی ایک ایسی ڈومین ہے جہاں پر بہت سارا کام کرنے کی گنجائش موجود ہے اس کو مد نظر رکھتے ہوئے ہم نے نئی فضائی کمپنی پک ائیر لائنز لا کر ایک ادنی سی کوشش کی ہے۔ ڈاکٹر فرحان افتخار عباسی نے ان خیالات کا اظہار پک ائیر لائنز انٹر نیشنل کے چیئرمین محمد زاہد سلیم، وائس چیئرمین اعجاز احمد اعوان اور ڈائریکٹر عدنان علی اکبر کے ہمراہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فرحان افتخار عباسی کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا وژن یہ ہے کہ پاکستان کو دوسری دنیا سے اس طرح سے جوڑیں کہ ہماری سیاحت کا شعبہ کھل کر پوری دنیا کے سامنے آجائے اور اس سے پاکستان میں احسن طریقے سے سرمایہ کاری اور جدید ایئر آپریشن کو متعارف کرا سکیں۔ پاکستان ایوی ایشن انڈسٹری کا بڑا حصہ سفری سہولیات کے لیے بیرونی ممالک کی ائیر لائنز پر انحصار کرتا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ہمارے ملک کا سرمایہ نہ صرف پاکستان میں رہے بلکہ اس سے ہماری لوکل انڈسٹری کو بھی فائدا ہو، اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک میں 3 سوملین ڈالر کی سرمایہ کاری لا رہے ہیں جس سے سینکڑوں پاکستانیوں کو روز گار ملے گا۔


