مسلح لوگ سرکاری اہلکار بن کر گھوم رہے ہیں، فوری گرفتار کیا جائے، علی امین گنڈا پور

پشاور (انتخاب نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ جہاں کہیں بھی مسلح عناصر ملیں انہیں فوری گرفتار کیا جائے۔ اپنے ویڈیو بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہماری حکومت بننے کے بعد پہلے ایپکس کمیٹی اجلاس میں واضح کردیا تھا کہ کچھ مسلح لوگ سرکاری اہلکار بن کر گھوم رہے ہیں، یہ مسلح افراد خود کو سرکاری ادارے سے منسلک بتاتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ پولیس ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے اور ان کے ٹھکانے خالی کروائے۔ اپنے بیان میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ بنوں معاملے پر بنوں کے مشران سمیت سب کا شکر گزار ہوں، سب نے انتظامیہ کے ساتھ بیٹھ کربات چیت سے معاملہ حل کیا۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ علاقہ مشران نے معاملے پر کمیٹی بنائی ہے، یہ کمیٹی کل مجھ سے مل کر معاملے پر بات کرے گی۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم عوام کے تحفظات دورکریں گے اور ان کی توقعات پرپورا اتریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں