بیرون ممالک سیاسی پناہ لینے والوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ واپس
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی حکومت نے بیرون ممالک سیاسی پناہ لینے والوں کو پاکستانی پاسپورٹ جاری نہ کرنے کا فیصلہ واپس لے لیا۔نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت اعلی سطح کا اجلاس ہوا جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق متعدد اہم امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری خارجہ، سیکرٹری داخلہ، ڈی جی اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام شریک ہوئے۔نائب وزیراعظم کو سیکرٹری داخلہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بروقت پاسپورٹ کے اجرا کی سہولت کے بارے میں ایک وسیع بریفنگ دی۔اجلاس میں بیرون ملک اسائلم کے خواہاں افراد کے لئے پاکستانی پاسپورٹ کا اجرا معطل کرنے والے 5 جون 2024 کے سرکلر کو فوری طور پر واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔متعلقہ حکام نے نائب وزیر اعظم کو یقین دلایا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے پاسپورٹ 60 دن کے اندر جاری کردیئے جائیں گے۔


