بشریٰ بی بی کی کسی نئے کیس میں گرفتاری روکنے کی درخواست پرپنجاب حکومت اوردیگر کو نوٹس جاری
لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے اور کسی نئے کیس میں گرفتاری روکنے کی درخواست پر پنجاب حکومت اوردیگر کو نوٹس جاری کر دیئے ۔لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے بشری بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔درخواستگزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ان کی موکلہ بشریٰ بی بی کے خلاف پنجاب میں درج مقدمات کی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہی، بشریٰ بی بی کے خلاف اینٹی کرپشن، نیب اور ایف آئی اے میں انکوائری کی تفصیلات بھی فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔درخواستگزار کے وکیل نے استدعا کی عدالت تمام اداروں کو مقدمات اور انکوائری کی تفصیلات فراہم کرنے کاحکم دے اور کسی بھی خفیہ مقدمہ میں بشری بی بی کو گرفتار کرنے سے روکنے کا حکم دے۔بعد ازاں لاہور ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کی خفیہ مقدمات میں ممکنہ گرفتاری رکوانے کی درخواست پر پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے ۔عدالت نے کیس کی سماعت (کل)26 جولائی تک ملتوی کردی۔


