جیکب آباد، لاقانونیت سے تنگ مزید 2 خاندان بھارت چلے گئے
جیکب آباد ( آئی این پی ) جیکب آباد میںلاقانونیت سے تنگ مزید 2 خاندان بھارت چلے گئے، رواں ماہ 50 سے زائد خاندان نقل مکانی کرچکے، مقامی انتظامیہ ہندو برادری کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں بڑھتی ہوئی بدامنی، بھتہ خوری اور سیپکو کی ذیادتیوں سے تنگ آکر ہندو برادری کی جانب سے نقل مکانی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، لاقانونیت سے تنگ مزید 2 خاندان بھارت روانہ ہوگئے ہیں، ملنے والی معلومات کے مطابق سونو کمار اور مکیش کمار کے خاندان واہگہ بارڈر کے راستے بھارت چلے گئے ہیں، نقل مکانی کرنے والے خاندان اپنا شہر چھوڑنے سے قبل اپنے عزیزواقارب سے ملتے وقت روتے رہے اور نم آنکھوں کے ساتھ اپنے شہر کو الوداع کیا، اطلاعات ہیں کہ رواں ماہ 50 سے زائد خاندان ہندوستان نقل مکانی کرچکے ہیں جبکہ مزید کئی خاندان بھی ہندوستان جانے کے لیے تیار ہیں، جیکب آباد سے ہندوبرادری کی نقل مکانی کو روکنے اور عدم تحفظ کا شکار ہندو برادری کو تحفظ فراہم کرنے میں مقامی انتظامیہ مکمل ناکام ہوچکی ہے ہندو برادری سمیت دیگر شہری بھی بدامنی سمیت بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کی وجہ سے دیگر شہروں کی طرف نقل مکانی کررہے ہیں، شہری حلقوں کاکہنا ہے کہ ضلع میں امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے دن ہو یا رات ڈاکو شہریوں کولوٹ رہے ہیں کاروباری لوگ سخت پریشان ہیں پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائی کرنے کو تیار نہیں، شہریوں نے مطالبہ کیا کہ امن و امان سمیت بنیادی سہولیات فراہم کرکے سیپکو کی ذیادتیاں بند کی جائیں تاکہ ہندو برادری سمیت شہری نقل مکانی کرنے کے بجائے اپنے شہر میں پرسکون زندگی گزار سکیں۔


