دنیا کرونا وائرس کیخلاف جنگ کااعلان کرے،سربراہ اقوام متحدہ

اقوام متحدہ, اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری آنتونیو گوتریس نے پوری دنیا پر زور دیا ہے کہ نوول کرونا وائرس کیخلاف جنگ کااعلان کیاجائے۔ اس سے دو روز قبل عالمی ادارہ صحت(ڈبلیو ایچ او) نے وائرس کوعالمی وبا قرار دیا تھا۔آنتونیو گوتریس نے ایک ویڈیو پیغام میں کہاہے کہ ہمیں وائرس کیخلاف جنگ کااعلان کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ اس کا مطلب ہے کہ تیاری بڑھانا ممالک کی ذمہ داری ہوگی اور قابو پانے کیلئے موثر حکمت عملی کے اطلاق، ایمرجنسی کے دوران حرکت میں آنے والے نظام کو بہتر کرنے،ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کو ڈرامائی انداز میں بڑھانے اور مریضوں کی دیکھ بھال کرنے، ہسپتالوں کو تیار رکھنے اور زندگی بچانے والی طبی اشیا تیار کرنے کے سلسلے میں تیاریوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کی جانب سے دیئے مشوروں اور بتائے گئے اقدامات پر عمل کرنا سب کی ذمہ داری ہے۔گوتریس نے خبردار کیا کہ دنیا صحت کے انوکھے خطرے کا سامنا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وائرس پھیل رہاہے جس سے خطرہ بڑھ رہا ہے، صحت کے نظام، معیشتیں اور زندگی کا روزانہ شدید امتحان لیا جارہاہے۔ سب سے زیادہ کمزور سب سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں،خاص طور پر بزرگ اور جنہیں پہلے سے کوئی بیماری ہے یا جن کی قابل اعتبار علاج معالجہ تک رسائی نہیں ہے اورغریب ہیں یا مشکل سے زندگی کا گزربسر کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عوام میں صحت کابحران پیدا کرنے کے علاوہ وائرس عالمی معیشت کو بھی متاثر کررہاہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ معاشی بازاروں میں غیر یقینی کی صورتحال ہے، عالمی ترسیلی زنجیروں میں خلل پیداہوچکا ہے، سرمایہ کاری اور گاہکوں کی جانب سے طلب کم ہوگئی ہے جو کہ عالمی کساد بازاری کیلئے حقیقی خطرہ بڑھا رہاہے۔گوتریس نے کہاکہ اقوام متحدہ کے معیشت دانوں کے اندازہ کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے دنیا کی معیشت کو رواں سال10کھرب امریکی ڈالر یا اس سے زیادہ نقصان ہوگا تاہم انہوں نے گھبراہٹ کا شکار نہ ہونے کیلئے خبردار کیا۔انہوں نے کہاکہ ہم وائرس کی ترسیل کم کرسکتے ہیں،بیماری کو روک سکتے ہیں اور زندگیاں بچا سکتے ہیں لیکن اس کیلئے ذاتی، قومی اور عالمی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ وائرس کا پھیلا عروج پر پہنچ جائے گا اور معیشتیں بہتر ہوجائیں گے لیکن تب تک ہمیں وائرس کا پھیلاؤ سست کرنے کیلئے متحد ہوکر کام کرنا ہوگا اور ایک دوسرے کاخیال رکھنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں