حکومت نے ابتدائی 6ماہ میں قرضے لینے میں نگران حکومت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

اسلام آباد(یو این اے)وفاقی حکومت نے ابتدائی 6 ماہ میں اربوں روپے کے قرضے لینے میں نگران حکومت کو بھی پیچھے چھوڑ دیا، قرضوں کی رقم میں 561 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ میڈیا کے مطابق اگست 2024 تک وفاقی حکومت کا قرض بڑھ کر 70 ہزار 362 ارب روپے تک پہنچ گیا تھا۔ اس سے قبل ستمبر 2023 سے فروری 2024 کے دوران نگران دور حکومت کے 6 ماہ کے دوران وفاقی حکومت کے قرض میں 840 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔فروری 2024 میں وفاقی حکومت کا قرضہ 64 ہزار 810 ارب روپے تھا۔ جبکہ اس سے قبل اگست 2023 میں قرضہ 63 ہزار970 ارب روپے تھا۔ دوسری جانب عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)نے کہا ہے کہ پاکستان اصلاحات کے مستقل نفاد کو یقینی بنائے نجی شعبہ کی ترقی کے عمل میں بھی تیزی لائی جائے جاری اعلامیہ کے مطابق آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاسوں کے موقع پر سیکرٹری خزانہ امداد اللہ بوسال اور گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان جمیل احمد کی سربراہی میں پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کے ڈائریکٹر جہاد ازعور سے واشنگٹن میں ملاقات کی ہے . پاکستانی وفد نے پاکستان کے معاشی استحکام میں مدد کی فراہمی اور 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت کی منظوری پر آئی ایم ایف سے اظہار تشکر کیا اورحکومت کی مالیاتی استحکام اور محصولات میں اضافے کی کوششوں پر زور دیا پاکستانی وفد نے توانائی اور سرکاری اداروں کی اصلاحات پر بات کی پاکستان کو استحکام سے ترقی کی طرف لے جانے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا اس موقع پر جہاد ازعور کی جانب سے فنڈ پروگرام کے کامیاب آغاز پر پاکستان کو مبارکباد دی گئی آئی ایم ایف ڈائریکٹر نے پاکستان میں اصلاحات کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا پاکستانی وفد نے آئی ایم ایف کے ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر کینجی اوکامورا سے بھی ملاقات کی۔ وفد نے ٹیکس بنیادوں میں وسعت، صوبائی زرعی آمدنی ٹیکس کی وفاقی ٹیکس سے ہم آہنگی، سبسڈیز میں توازن، حکومتی حجم میں کمی اور توانائی کی قیمتوں میں کمی کے ذریعے مالیاتی وسائل میں اضافے کی کوششوں پر بات کی ملاقات کے دوران نجی شعبے کی ترقی کی رفتار تیز کرنے اور آئی ایم ایف کے رزلی اینس اور سسٹین ایبلٹی فنڈ کے ذریعے پاکستان میں ماحولیاتی استحکام کی تعمیر اور مالیاتی اور بیرونی شعبے میں پالیسیوں کے تسلسل کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات بھی زیر بحث آئے اس سے قبل پاکستانی وفد نے واشنگٹن میں آئی ایم ایف ڈائریکٹر جہاد ازعور سے بھی ملاقات کی اور حال ہی میں منظور 7 ارب ڈالر کے توسیعی فنڈ سہولت پر اظہار تشکر کیا، آئی ایم ایف ڈائریکٹر جہاد ازعور نے فنڈ پروگرام کے کامیاب آغاز پر پاکستان کو مبارکباد پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں