27 دسمبر ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ،بے نظیر بھٹو کا قتل پاکستان کے روشن مستقبل کا قتل تھا، علی حسن زہری
حب ( آن لائن)ترجمان صدر آصف علی زرداری و صوبائی وزیر صنعت و تجارت و ایگریکلچر میر علی حسن زہری نے اسلامی دنیا کی پہلی جمہوری طور منتخب خاتون وزیر اعظم اور دنیا کی ممتاز لیڈر شہید بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ "دختر مشرق” نہ صرف ایک تاریخی شخصیت بلکہ ایک زندہ تحریک اور مشعلِ راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید جمہوریت شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17 ویں برسی عقیدت و احترام سے منائی جائے گی ۔ ۔ضلع حب سمیت ملک بھر میں شہید بی بی کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی جائے گی۔ ملک کے مختلف حصوں سے آنے والے کارکن بینظیر بھٹو کے مزار پر چادریں چڑھائیں گے اور فاتحہ خوانی کریں گے۔ اس موقع پر عظیم الشان جلسے اور ریلیاں نکالی جائیں گی اور مقررین شہید بی بی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کریں گے ۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ بھٹو خاندان کا ملکی سیاست میں ایک اہم مقام ہے جمہوریت کے لئے قربانیوں سے بھٹو خاندان کی تاریخ بھڑی پڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو خاندان نے اپنی جانوں کی قربانیاں دے کر جمہوریت کی آبیاری کی ہے۔ شہید بی بی بینظیر بھٹو نے ہمیشہ پاکستان کی سیاست میں جمہوریت اور مثبت سیاست کے لئے جدوجہد کی ۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مارشل لاء کے دور میں جیل بھی کاٹیں لیکن جمہوریت پر کوئی سودے بازی نہیں کی اور ثابت کیا کہ وہ ایک مضبوط اعصاب کی مالک ہیں ۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا کردار جمہوریت کے لئے نہایت اہم رہا اور یہ جمہوریت کی آبیاری کاسلسلہ آج صدر آصٖف علی زرداری ، بلاول بھٹو زرداری ، آصفہ بھٹو اور جیالے کارکنوں کی صورت میں کامیابی سے جاری و ساری ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی تدبرانہ اور ولولہ انگیز سیاست کی صورت میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جمہوریت کی بحالی اور فروغ کے لئے اقدامات پر عمل پیرا ہیں ۔ میر علی حسن زہری نے کہا کہ شہید بی بی نے پاکستان میں خواتین کی حیثیت کے ارتقاء میں بھرپور کردار ادا کیا۔ پاکستان کے سیاسی میدان میں پہلی اور واحد خاتون وزیر اعظم کی طرف سے کی گئیں کچھ دوسری تبدیلیوں میں خواتین کی ترقی کی وزارت کی تشکیل اور اعلیٰ عدلیہ میں خواتین کی تقرری شامل ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد خواتین کو طاقتور اور بااثر کرداروں میں رکھ کر طویل مدتی اثر چھوڑنا تھا۔ میر علی حسن زہری نے مزید کہا کہ اپنی زندگی کے دوران، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا کرشمہ، قائدانہ صلاحیتیں، ہمدردی اور ذہانت وہ خصوصیات تھیں جنہوں نے انہیں طاقتور ترین مردوں سے بھی ممتاز کیا۔ پاکستان میں خواتین کے مقام کو بلند کرنے کے لیے اپنی لگن کی وجہ سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گی امید کی اور وہ شعلہ جو ہر پاکستانی عورت کے دل میں جلتی رہے گی۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کے مطابق آزاد اور خودمختار پاکستان، بااختیار پارلیمنٹ اور آئین کی حکمرانی کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا ملک سے غربت، بیروزگاری اور معاشی بدحالی کا خاتمہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا مشن تھا۔ اس مشن کی تکمیل پاکستان پیپلزپارٹی کی پہلی ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ 27 دسمبر ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اور بے نظیر بھٹو کی شہادت پاکستان کے روشن مستقبل کا قتل تھا۔میر علی حسن زہری نے کہا کہ محترمہ کی فلاسفی تھی کہ مزدور اور کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی حب الوطنی، پائیدار جدوجہد اور ثابت قدم قیادت کے نقوش پاکستانی قوم کے دل و دماغ میں ہمیشہ انمٹ رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے پرعزم ہے کہ پاکستان ایک خوشحال، ترقی پسند، مساوات پر مبنی اور مضبوط جمہوری وفاقی ریاست کے طور پر دنیا کے لیے اعلیٰ مثال ہو۔