کراچی ، ٹیکسٹائل فیکٹری میں آتشزدگی ،ایک مزدور جاں بحق ،5زخمی
کراچی(صباح نیوز)کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹائون میں واقع ٹیکسٹائل فیکٹری میں ویلڈنگ کے دوران گیس لیکج کے باعث آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں زخمی 22 سالہ مزدور رضوان دورانِ علاج سول ہسپتا ل برنس وارڈ میں دم توڑ گیا، جبکہ پانچ دیگر مزدور شدید زخمی ہیں۔ایس ایچ او شاہ لطیف ارشد اعوان کے مطابق، ٹیکسٹائل مل کے پارکنگ ایریا میں شیڈ بنانے کے دوران ویلڈنگ کا شعلہ سلنڈر پر جا گرا، جس کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔ حادثے میں 45 سالہ عارف، 45 سالہ حنیف، 30 سالہ جعفر، 35 سالہ محمد علی اور یاسر شدید جھلس گئے، جنہیں فوری طور پر سول ہسپتا ل کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا۔پولیس نے کہا کہ فیکٹری انتظامیہ نے حادثے سے لاعلمی کا اظہار کیا جبکہ واقعہ کی اطلاع ایم ایل او کی انٹری سے ملی۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ بھی کیا اور تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ۔ایس ایچ او شاہ لطیف ٹائون ارشد اعوان نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ یہ واقعہ پروڈکشن ڈیپارٹمنٹ میں نہیں بلکہ پارکنگ ایریا میں پیش آیا، آگ ویلڈنگ کے دوران سلنڈر میں لگی جس کے باعث مزدور جھلس گئے۔ایس ایچ او نے بتایا کہ سب سے زیادہ متاثر مزدور حنیف ہوا، جسے فوری طور پر ہسپتا ل منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ شام ساڑھے پانچ بجے پیش آیا تھا اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔


