خضداردھرنا، عاصمہ کی اغوا کی تصدیق، مذاکرات کے بعد احتجاج ختم، شاہراہ پر ٹریفک بحال

خضدار (انتخاب نیوز )خضدار انتظامیہ نے گزشتہ روز اغوا ہونے والی عاصمہ جتک کو بازیاب کرواکرورثاء کے حوالے کردیا ۔ مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد چار روز سےبند روڈ ٹریفک کے لئے بحال ہوگیا ہے ۔مغوی عاصمہ جتک نےدھرنے کے شرکاء سےگفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ہمارے گھر پر رات کے دو بجے حملہ کیا گیا، میرے گھر والوں کو مارا پیٹا گیا اور مجھے اغوا کرلیا گیا، میرے منہ پر پٹی باندھی گئی، میرا گلا دبایا گیا، پھر مجھے گاڑی کے ڈگی میں ڈالا گیا، مجھے پر تشدد ہوا تھا جس سے میں بے ہوش ہوگئی۔عاصمہ نے کہا کہ مجھے ویران جگہ پر گھر میں رکھا گیا اور مجھ سے زبردستی بیان دلوایا گیا، مجھے کہا گیا کہ بیان نہ دیا تو آپ کے والد اور بھائیوں کو قتل کردیں گے، مجھے دھمکی دے کر بیان دینے پر مجبور کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں نے تین دن سے کچھ نہیں کھایا پیا، کرب کے دن گزارے۔ مجھے کہا گیا کہ عدالت میں ہمارے ساتھ رشتہ ہونے کا بیان دینا۔عاصمہ جتک نے کہا کہ میں ان کے چنگل سے آزاد ہوچکی ہوں، یہ آپ سب کی مرہون منت ہے، میں عوام کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ انہوں نے میرے لئے جہد کیا دھرنا دیا