مستونگ ، پولیس کی کارروائی، اغوا ہونے والا بچہ بازیاب کرالیا

مستونگ(یو این اے )مستونگ پولیس نے فوری اور موثر کارروائی کرتے ہوئے اغوا ہونے والے کمسن لڑکے کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔ بازیاب ہونے والے بچے کی شناخت سجاد ولد امام بخش کے نام سے ہوئی ہے، جسے سراوان ڈیجیٹل لائبریری کے قریب سے نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اغوا کیا تھا۔پولیس کے مطابق، اغوا کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او سٹی عبدالفتاح کیازئی کی سربراہی میں فورس نے فوری سرچ آپریشن شروع کیا اور ممکنہ راستوں کو بند کر دیا۔ ملزمان پولیس کے تعاقب کے دوران بچے کو چھوڑ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، تاہم پولیس نے بچے کو بحفاظت بازیاب کرالیا۔بعد ازاں بچے اور اس کے والد کو تھانے لے جایا گیا، جہاں ان کے بیانات قلمبند کیے گئے اور ضروری قانونی کارروائی مکمل کی گئی۔ پولیس نے بچے کو والد کے حوالے کر دیا جبکہ اغوا میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور مستونگ میں شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں