قلعہ عبداللہ، جنگل پیرعلیزئی کیمپ سے اغوا ہونے والی 2 بچیاں بازیاب، 2 اغوا کار گرفتار

جنگل پیرعلیزئی (یو این اے )ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ محمد ریاض خان کی خصوصی ہدایت پر لیویز فورس قلعہ عبداللہ نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے جنگل پیرعلیزئی کیمپ سے اغوا ہونے والی دو کمسن بچیوں کو بحفاظت بازیاب کروا لیا اور دونوں اغوا کاروں کو گرفتار کرلیا،اسسٹنٹ کمشنر قلعہ عبداللہ شہیک حیات بلوچ نے اس کامیاب کارروائی کے حوالے سے میڈیا نمائندوں کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر رسالدار عمر خان کاکڑ، لیویز تھانہ جنگل پیرعلیزئی کے انچارج محمد عیسی دفعدار، لیویز چوکی سید حمید کراس کے انچارج امیر محمد دفعدار اور ہیڈ محرر خلیل الرحمن بھی موجود تھے،لیویز فورس نے بروقت اور مثر کارروائی کرتے ہوئے اغوا کاروں کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ عوامی حلقوں نے لیویز فورس کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جرائم کے خاتمے کے لیے اسی طرح کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔