بلوچستان مشکل دور سے گزر رہا ہے، بیڈ گورننس دہشت گردی کو تقویت دیتی ہے جسکا تدارک ناگزیر ہے، سرفرازبگٹی

کوئٹہ ( آئی این پی )وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بیڈ گورننس دہشت گردی کو تقویت دیتی ہے اور اس کا تدارک ضروری ہے وہ منگل کو یہاں سیکرٹریز کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان، آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری سمیت تمام صوبائی محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی اجلاس میں گورننس کی بہتری، ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد، درپیش چیلنجز اور رکاوٹوں کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں 28 محکموں کے 428 ملازمین کی دہری ملازمت کا انکشاف ہوا جس پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے فوری کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے اور بیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا حکم دیا سیکرٹری ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سید ظفر شاہ بخاری نے اجلاس میں 9882 سرکاری گاڑیوں کا ریکارڈ پیش کیا اور اعداد و شمار کو اپ ڈیٹ کرنے کی حکمت عملی پر بریفنگ دی اجلاس کو بتایا گیا کہ کئی افسران ٹرانسفر کے باوجود گاڑیاں واپس نہیں کر رہے جس پر وزیر اعلیٰ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ گاڑیاں واپس نہ کرنے والے افسران کے خلاف فوری ایف آئی آر درج کی جائے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ریاست اور عوام کے درمیان اعتماد کی بحالی اچھی طرز حکمرانی کے ذریعے ممکن ہے سرکاری افسران اور ملازمین کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا اور عوامی فلاح کو یقینی بنانے کے لیے کام کرنا ہوگاانہوں نے کہا کہ جو افسران کام نہیں کر رہے اور عوامی مسائل کا ادارک نہیں رکھتے انہیں عہدے پر رہنے کا کوئی حق نہیں سول سرونٹ ایکٹ میں ترمیم ضروری ہے تاکہ غیر فعال افسران کے خلاف جبری ریٹائرمنٹ کا آپشن استعمال کیا جا سکے وزیر اعلیٰ نے اعلان کیا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے سرکاری افسران اور اہلکاروں کی ڈیٹا بیس تک رسائی حاصل کر لی گئی ہے اور وہ خود ملازمین کی حاضری مانیٹر کریں گے انہوں نے کہا کہ نتائج نہ آنے کی صورت میں سخت فیصلے لیے جائیں گے انہوں نے ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد صرف عمارتوں کی تعمیر نہیں ہونا چاہیے بلکہ عوامی فلاح کو یقینی بنایا جائے اگر ضرورت پڑے تو سرکاری افسران اور اہلکار دور دراز علاقوں میں عوامی خدمات کی انجام دہی کے لیے ٹینٹ میں گزارا کرلیں تاکہ عوام کو احساس ہو کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے اس اقدام سے حکومت اور افسران کی نیک نامی ممکن ہوگی اور تاریخ میں اچھے الفاظ سے یاد رکھا جائے گا وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کوئی بھی سرکاری افسر یا ملازم ریاستی بیانیے سے انحراف نہیں کر سکتا ریاست مخالف عناصر کو بیڈ گورننس تقویت دیتی ہے جس کا سدباب کرنا ضروری ہے بلوچستان مشکل دور سے گزر رہا ہے اور ہر سرکاری اہلکار کو عوامی مسائل حل کرنے پر مکمل توجہ دینی ہوگی تاکہ عام بلوچستانی کے مسائل حل کئے جاسکیں اور بلوچستان کا وہ فرد جو سردی میں ٹھٹرتا اور گرمی میں جھلستا ہے اس کو ریلیف دیا جاسکے انہوں نے کہا کہ نجی شعبے کے تعاون سے پی ایس ڈی پی میں زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے تاکہ عوام کو بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف پوری طاقت سے لڑا جائے گا ریاست نے ہمیشہ مذاکرات کی کوشش کی لیکن ملک دشمن عناصر کا ایجنڈا تشدد کے ذریعے ریاست کو نقصان پہنچانا ہے جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا ہارڈ کور دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جائے گی کسی بھی افسر یا اہلکار کو ان کے سامنے نہیں جھکنا چائیے ، حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر افسر کو ریاست کے ساتھ واضح وڑن کے ساتھ کھڑا ہونا ہے انہوں نے تمام سرکاری افسران کو ہدایت دی کہ وہ پوری توجہ اور تندہی کے ساتھ ریاستی بیانیے کی ترویج اور حکومتی پالیسیوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سرکاری اہلکار ریاست کی فراہم کردہ سہولیات کا حق ادا کریں اور عوامی خدمت کو اپنا شعار بنائیں ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مانگی ڈیم اور بیکڑ روڑ منصوبوں میں سست روی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیا انہوں نے تمام سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ کابینہ اور حکومت کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور تکمیل کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں اور حائل رکاوٹوں کو دور کرکے عام آدمی کی ضروریات کے منصوبوں کو فوقیت دیں رولز آف بزنس مین پھنسے رہنے کے بجائے مسائل اور رکاوٹوں کا حل تلاش کریں، سمریاں بھیجوانے اور سوالیہ نشان کے بجائے فیصلہ سازی کریں اور عوام کے لئے آسانیاں پیدا کریں سروس ڈلیوری کا نظام سہل اور عوامی ضروریات سے ہم آہنگ کریں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں