بلوچستان سے آنے اور جانے والی ٹرینوں میں سیکورٹی بڑھا دی گئی
لاہور ( این این آئی) انسپکٹر جنرل ریلوے محمد طاہر نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کوئٹہ سمیت دیگر شہروں سے چلنے والی ٹرینوں میں سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں اور نفری 11سے بڑھا کر 40کر دی گئی ہے، اس کے ساتھ سیکورٹی اہلکاروں کو جدید اسلحہ اور رات کی تاریکی میں دور تک دیکھنے والی دوربین بھی فراہم کی گئی ہیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کوئٹہ، سبی اور مچھ ریلوے اسٹیشنوں کی باﺅنڈری وال تعمیر کی جائے گی، برجیاں بنا کر اسنائپر تعینات کیے جائیں گے۔ سیکورٹی پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سیکورٹی اہلکاروں کو جدید اسلحہ اور رات کی تاریکی میں دور تک دیکھنے والی دوربین بھی فراہم کی گئی ہیں جبکہ وائرلیس سسٹم کو بھی اپ گریڈ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے پولیس اہکاروں کے فنڈز اسکیل دوسری فورسز کے برابر اپ گریڈ کرنے کے لیے سمری بھجوا دی گئی ہے۔ ریلوے تنصیبات اور ٹرینوں کی سیکورٹی کو جدید طرز پر مکمل کریں گے اس کے لیے ایک جامع پلان بنایا گیا ہے۔


