فوجی تصادم آسانی سے قابو سے باہر ہو سکتا ہے، پاکستان اور بھارت گریز کریں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

ویب ڈیسک :اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریش نے پیر کو کہا ہے کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی گذشتہ کئی برسوں کی بلند ترین سطح پر ہے جسے جنگ میں بدلنے سے روکنے کی ضرورت ہے۔انتونیو گوتریش نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’یہ لمحہ انتہائی احتیاط اور تدبر کا متقاضی ہے۔ فوجی تصادم آسانی سے قابو سے باہر ہو سکتا ہے لہٰذا اس سے ہر ممکن گریز ضروری ہے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’یہی پیغام میں دونوں ممالک کے ساتھ مسلسل رابطوں میں دے رہا ہوں۔ واضح رہے کہ فوجی کارروائی کوئی حل نہیں۔ میں دونوں حکومتوں کو امن کے قیام کے لیے اپنی خدمات پیش کرتا ہوں۔’اقوام متحدہ ہر اس کوشش کی حمایت کے لیے تیار ہے جو کشیدگی میں کمی، سفارت کاری کے فروغ اور امن کے لیے نئے عزم کو آگے بڑھاتی ہو۔‘سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ’دونوں ممالک کی حکومتوں اور عوام کا بے حد احترام کرتا ہوں اور اقوام متحدہ کے امن مشن میں ان کی نمایاں خدمات پر تہہ دل سے شکر گزار ہوں، اسی لیے ان کے باہمی تعلقات کو اس حد تک بگڑتے دیکھ کر مجھے شدید دکھ پہنچا ہے۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد دونوں اطراف کے شدید جذبات کو میں سمجھتا ہوں۔ میں اس حملے کی ایک بار پھر شدید مذمت کرتا ہوں اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے اور ذمہ داروں کو قابل اعتماد اور قانونی طریقے سے انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں