ٹرمپ کاایران کیخلاف فوجی کارروائیوں کی حمایت، نیتن یاہو/ امریکا سے مدد مانگنااسرائیل کی کمزوری ہے ،ایرانی سپریم لیڈر
ویب ڈیسک: اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ ایرانی میزائلوں نے سروکا اسپتال اور وسطی اسرائیل میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، ایرانی ظالموں کو اسپتال پر حملے کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔؎اسرائیلی وزیراعظم نے ایرانی حملے کا شکار اسپتال کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام اسرائیل کی بقاء کیلئے خطرہ ہے، اسرائیلی کارروائیوں کا واحد مقصد ایرانی جوہری خطرے کا خاتمہ ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکا اسرائیل کی فضائی حدود کو حملوں سے محفوظ رکھنے میں مدد کر رہا ہے، امریکی صدر ٹرمپ نے ایران کو کئی مواقع فراہم کیے۔نیتن یاہو نے کہا کہ ہم امریکی صدر کے ہر فیصلے کی حمایت کریں گے، ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کی حمایت کر رہے ہیں۔اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا کہ آج کے حملے کا خامنہ ای سے بدلہ لیں گے، آیت اللّٰہ خامنہ ای کی حکومت کو تہس نہس کر دیں گے، ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای کو مزید زندہ رہنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، ان کا وجود اب مزید برداشت نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ عام اعلان کرتے ہیں کہ وہ اسرائیل کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، خود اسپتالوں پر حملہ کرنے کا حکم دیتے ہیں، خامنہ ای ریاست اسرائیل کی تباہی کو اپنا ہدف سمجھتے ہیں، ایسا شخص اب مزید دنیا میں موجود نہیں رہ سکتا۔
دوسری جانب ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کا کہنا ہے کہ اسرائیل کا امریکا سے مدد مانگنا اس کی کمزوری کو ظاہر کرتا ہے۔یہ بات ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں کہی ہے۔ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا ہے کہ صہیونی حکومت کے امریکی دوست ایسی باتیں کہہ رہے ہیں جو صہیونی حکومت کی کمزوری اور نااہلی کو ظاہر کرتی ہیں۔آیت اللّٰہ خامنہ ای نے یہ بھی کہا کہ ایرانی عوام دشمن کے سامنے بلاخوف ڈٹے رہیں اور اپنے طرزِ عمل سے دشمن کو بتا دیں کہ وہ اس سے خوفزدہ نہیں۔


