اٹلی کے جزیرے میں تارکین وطن کی کشتی الٹنے سے کم ازکم 20 افراد ہلاک، متعدد لاپتہ
ویب ڈیسک : اقوامِ متحدہ نے بتایا کہ اٹلی کے جزیرے لامپیدوسا کے قریب تارکین وطن کو لے جانے والی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی ہے، متاثرہ کشتی میں تقریباً 100 افراد سوار تھے، حادثے کے نتیجے میں کم از کم 20 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین (یو این ایچ سی آر) اور مقامی میڈیا نے کشتی الٹنے کے افسوس ناک حادثے میں 20 افراد کی ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے، جب کہ 70 سے 80 افراد کو بروقت زندہ بچا لیا گیا ہے۔ ترجمان یو این ایچ سی آر فلیپو اونگارو نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشتی الٹنے کے باعث کچھ تارکین وطن سمندر میں لاپتا ہو سکتے ہیں، جن کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ زندہ بچ جانے والے افراد کو لامپیدوسا کے ایک مرکز میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ امریکی اخبار ’واشنگٹن پوسٹ‘ کی رپورٹ کے مطابق حادثے کے دوران خوش قسمتی سے بچ جانے والے مسافروں نے بتایا کہ لیبیا سے روانگی کے وقت کشتی پر 92 سے 97 تارکینِ وطن سوار تھے۔


