پولیس زیادتیوں اور مبینہ بھتہ گیری کیخلاف مکران روٹ کی مسافر بسوں نے ہڑتال کا اعلان کردیا
پسنی (نامہ نگار) مکران روٹ کی مسافر بسوں کا ایک بار پھر ہڑتال کا اعلان،پولیس کی مبینہ زیادتیوں اور بھتہ خوری کے خلاف یونین کا شدید احتجاج تفصیلات کے مطابق سندھ و بلوچستان بس ایسوسی ایشن یونین نے پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے چیک پوسٹوں پر مسافر بسوں کو مبینہ طور پر بلاجواز روکنے، عملے کو ہراساں کرنے، بھتہ طلب کرنے اور بھتہ نہ دینے پر بوگس ایف آئی آرز درج کرنے کے خلاف مکران بھر میں بسوں کی ہڑتال کا اعلان کردیا ہے،یونین کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، مکران سے کراچی جانے والی تمام پبلک بسیں اتوار 21 ستمبر سے مکمل طور پر بند رہیں گی، جبکہ کراچی سے مکران آنے والی بسیں پیر 22 ستمبر کی شام سے بند کر دی جائیں گی،بس ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے اور متعلقہ اداروں کی جانب سے زیادتیوں کا نوٹس نہیں لیا جاتا، تب تک ہڑتال جاری رہے گی۔ یونین نے یہ بھی عندیہ دیا ہے کہ اگر حالات جوں کے توں رہے تو ضلعی ہیڈکوارٹر میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے سامنے بسوں کو کھڑا کرکے احتجاج کیا جائے گا،یاد رہے کہ اس سے قبل بھی یونین کی جانب سے متعدد بار ایسے الزامات عائد کیے جا چکے ہیں، مگر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی خاطر خواہ اقدام نہیں اٹھایا گیا۔


