گلوبل صمود فلوٹیلا روکنے کی مذمت، امدادی سامان کی راہ میں رکاوٹ چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، پاکستان

اسلام آباد(این این آئی)پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے گلوبل صمود فلوٹیلا روکنے کی شدید مذمت کی ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق فلوٹیلا میں 40سے زائد کشتیوں پر 500بین الاقوامی کارکنان محصور غزہ کے عوام کےلئے امداد لے جا رہے تھے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ اسرائیل کا انسانی ہمدردی کے کارکنان کو حراست میں لینا عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ اقدام نہتے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ غزہ پر غیرقانونی محاصرہ دو ملین سے زائد فلسطینیوں کو اذیت اور محرومی میں مبتلا کیے ہوئے ہے، امدادی سامان کی راہ میں رکاوٹ چوتھے جنیوا کنونشن کی سنگین خلاف ورزی ہے۔اعلامیے میں کہا گیاکہ پاکستان نے فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ دہرایا ہے، پاکستان نے غزہ کا غیرقانونی محاصرہ ختم کرنے اور انسانی امداد کی آزادانہ ترسیل پر زور دیا، پاکستان نے فلوٹیلا میں سوار تمام کارکنان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق پاکستان نے عالمی قوانین، انسانی حقوق اور انسانی ہمدردی کے قوانین کے احترام پر زور دیا ہے، پاکستان نے اسرائیل کو اس کے بار بار کے جرائم پر جوابدہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے، پاکستان نے فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان نے آزاد، خودمختار اور قابل عمل ریاست فلسطین کے قیام کی حمایت کی ہے، پاکستان نے کہا کہ فلسطین کی ریاست 1967 کی سرحدوں کے مطابق قائم ہو اور دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں