وزیراعظم نے گھریلو صارفین کیلئے آر ایل این جی کنکشن کے اجرا کا افتتاح کردیا
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے ری گیسیفائیڈ لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) کے گھریلو کنکشنز کے اجرا کی تقریب میں شرکت کی اور ملک بھر میں گیس کنکشنز کے اجراءکا باضابطہ آغاز کر دیا۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ آج پورا ہو گیا ہے۔ عوام کا یہ اہم تقاضا تھا کہ گیس کنکشنز کا اجرا کیا جائے اور آج پورے پاکستان میں آر ایل این جی کنکشنز دیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ 2022 میں جب پی ڈی ایم حکومت قائم ہوئی تو گیس کی فراہمی ایک بڑا چیلنج تھا، تاہم حکومت نے قلیل مدت میں گیس کے انفرااسٹرکچر کی تعمیر اور بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے۔ ان کا کہنا تھا کہ مخلوط حکومت کی قیادت اور تمام اتحادی رہنماﺅں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے عوامی فلاح کے اس منصوبے میں تعاون کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ گیس کا جال بچھانے کے لیے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور اس مقصد کے لیے فنڈز کا اجرا بھی مکمل ہو چکا ہے۔


