الیکشن کمیشن کا ضمنی انتخابات کے نتائج کا نوٹیفکیشن جاری، ن لیگ کے چار نئے اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھالیا
ویب ڈیسک : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-96 کے سوا ضمنی انتخابات کے نتائج کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، مسلم لیگ (ن) کے چار نئے اراکین قومی اسمبلی نے حلف اٹھالیا۔حکمران مسلم لیگ (ن) نے اتوار کو ہونے والے 6 قومی اسمبلی کے حلقوں کے ضمنی انتخابات میں ڈالے گئے کل ووٹوں میں سے تقریباً 64 فیصد ووٹ حاصل کیے اور تمام نشستوں پر کامیابی حاصل کی، ان میں سے پانچ نشستیں پنجاب میں اور ایک خیبر پختونخوا میں تھیں۔ ان نشستوں میں سے ایک کے علاوہ باقی وہ تھیں جو اپوزیشن پی ٹی آئی کے ایم این ایز کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھیں۔مسلم لیگ (ن) نے پنجاب اسمبلی کی سات میں سے چھ نشستوں پر بھی کامیابی حاصل کی اور 82.41 فیصد ووٹ لئے۔ ساتویں نشست پی پی-269 مظفرگڑھ پر اس نے اپنا امیدوار میدان میں نہیں اتارا تھا، جہاں پیپلز پارٹی کے امیدوار عالم دار قریشی میدان میں تھے۔


