اساتذہ اورطلباء کو میرٹ پر ہاسٹلز الاٹ کیئے جائیں، گورنر کا دورہ جامعہ بلوچستان

کوئٹہ:گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ کسی بھی سرکاری ادارے کے اچانک دورہ کرنے سے ہی اسکی کارکردگی، عملے کی حاضری اور صفائی کی صورتحال کو بہتر طور پر جانچا اور پرکھا جاسکتا ہے۔گورنر یاسین زئی نے دو ٹوک الفاظ میں واضح کر دیا کہ وقتاً فوقتاً اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رہیگا اور غیرحاضر ملازمین اور غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کی جائے گی. ان خیالات کا اظہار انہوں نے سموار کے روز یونیورسٹی آف بلوچستان کے اپنے اچانک دورے کے موقع پر کیا۔ گورنر بلوچستان نے یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر یونیورسٹی کی جانب سے اساتذہ اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات، صفائی ستھرائی کے انتظامات، میل ہاسٹلز، یونیورسٹی کے احاطے میں زیر تعمیر واٹر ٹینک اور ڈیجٹل لائبریری کا معائنہ کیا. گورنر یاسین زئی نے کہا کہ اگرچہ یونیورسٹی کے امور و معاملات اور کارکردگی میں اب خاصی بہتری آئی ہے تاہم کارکردگی کی مزید بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائے. انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اساتذہ اور زیرتعلیم اسٹوڈنٹس کو میرٹ پر ہاسٹلز الاٹ کیئے جائے۔انہوں نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن کو ہدایت کی کہ فرائض کی عدم ادائیگی اور غیر حاضر رہنے کی صورت میں بلاامتیاز قانونی کاروائی کی جائے۔ گورنر یاسین زئی نے محدود وسائل کے باوجود تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور صحتمند ماحول کو فروغ دینے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات اور اساتذہ اکرام کے جذبے کو سراہا۔


