بلاول سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، حکومت مخالف تحریک کے معاملہ پر تبادلہ خیال
کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹوزرداری سے جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا فضل الرحمن نے منگل کو بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان مجموعی سیاسی صورت حال اور حکومت کے خلاف تحریک کے معاملے پر بات چیت ہوئی۔پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ رکن قومی اسمبلی نوید قمر بھی موجود تھے جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے وفد میں مولانا راشد سومرو، مولانا عبیدالرحمان اور اسلم غوری شامل تھے۔دریں اثناء پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پارٹی کے سینئررہنمااور سابق چیئرمین سینٹ سنیٹر رضا ربانی نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری اور رضا ربانی کے درمیان ملکی سیاسی و موجودہ صورت حال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سینیٹر رضا ربانی کے درمیان مختلف پارلیمانی بلوں اور ان کے نکات کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر میاں رضاربانی نے بلاول بھٹو زرداری کو پارلیمنٹ میں ہونے والے قانون سازیوں سے متعلق بریف کیا۔اس موقع پر بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ دونوں ایوانوں میں قانون سازی کے حوالے سے پی پی پی اراکین کی کارکردگی متاثر کن ہے۔


