سی پیک،گوادر کی مقامی آبادی کو بے دخل کرنے و باہر کے لوگوں کو آباد کرنے کا خوف موجود ہے، انور ساجدی
کوئٹہ:کوئٹہ پریس کلب کے گولڈن جوبلی کے موقع پر سی پیک کے حوالے سے منعقدہ سمینار سے خطاب کرتے ہوئے سینئر صحافی انور ساجدی نے کہا کہ سی پیک پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا پروجیکٹ ہے مگر اس سلسلے میں مقامی لوگوں کے بے دخل کرنے اور باہر سے لوگوں لا کر یہاں بسانے کا خوف یہاں موجود ہیں اس سلسلے میں وفاقی و صوبائی حکومتوں کو بلوچستان کے لوگوں کو مطمئن کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ گوادر کے حوالے سے بین الاقوامی سطح پر خطرات بھی موجود ہیں ایک رپورٹ کے مطابق چائنا کا ایک نیول بیس گوادر میں قائم ہوگا۔ پورٹ فیڈرل گورنمنٹ کا ڈومین ہے مشرف نے ایک دفعہ کہا تھا کہ بلوچستان کے کسی بھی شخص میں وہ اہلیت نہیں کہ اسے گوادر پورٹ میں لگایا جاسکے۔ بلوچستان اس ترقی کے لیے تیار نہیں جو یہاں کے عوام کے لیے نہیں ہو۔ پورٹ کے لئے گوادر میں وسیع رقبہ زمین کی ضرورت ہے اور اگر ایسا ہے تو یہاں کے لوگ کہاں جائیں گے۔


