ن لیگ کے صدر اپوزیشن لیڈر ہیں، سپیکر خود پروڈکشن آرڈر جاری کریں، ایاز صادق
اسلام آباد:قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر و مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے پارٹی رہنمائوں کو قومی اسمبلی اجلاس کیلئے پروڈکشن آرڈر کی درخواست سپیکر قومی اسمبلی کو دینے سے منع کر دیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ مسلم لیگ (ن) نے قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر کی درخواست نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے پارٹی رہنمائوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے پروڈکشن آرڈر کی درخواست سپیکر قومی اسمبلی کو ہرگز نہ دی جائے ۔دوسری جانب سے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہم پارٹی صدر کی ہدایات پر مکمل عملدرآمد کریں گے اور کسی صورت سپیکر کو پروڈکشن آرڈر کی درخواست نہیں کریں گے،ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں ،سپیکر قومی اسمبلی قواعد وضوابط کی روشنی میں بغیر درخواست کے اپوزیشن لیڈر کے پروڈکشن آرڈر جاری کرے۔


